اسلام آباد (پاکستان) 20 اگست (ہ س)۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور اعظم خان سواتی کو سینیٹ میں قائد حزب اختلاف نامزد کردیا ہے۔ پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم را جہ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے لیے اپنا فیصلہ حتمی شکل دے دی ہے۔اے آر وائی نیوز چینل کے مطابق، عمران خان کا یہ فیصلہ قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تین اہم عہدوں - قائد حزب اختلاف، پارلیمانی لیڈر اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر - کو باضابطہ طور پر خالی قرار دینے کے بعد سامنے آیا ہے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین اسمبلی کو الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 9 مئی کے فسادات کے مقدمات میں سزا سنائے جانے کے بعد نااہل قرار دے دیا ہے۔نااہل قرار پانے والوں میں رکن قومی اسمبلی زرتاج گل، ایم این اے رائے حیدر علی، ایس آئی سی کے چیئرمین حامد رضا اور رائے حسن نواز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ارکان اسمبلی عنصر اقبال، جنید افضل ساہی اور محمد مرتضیٰ اقبال کو بھی نااہل قرار دیا گیا ہے۔ نااہلی کا نوٹیفکیشن فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) کی جانب سے 9 مئی کے فسادات کے مقدمات میں عمر ایوب، زرتاج گل، شبلی فراز سمیت پی ٹی آئی رہنماو¿ں کو 10 سال قید کی سزا کے بعد جاری کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ان مقدمات میں پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چوہدری، زین قریشی اور خیال کاسترو کو بری کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے جب کہ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق، ایس آئی سی کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کو بھی 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ پی ٹی آئی کے دیگر سزا یافتہ رہنماو¿ں میں رائے حسن نواز، رائے مرتضیٰ اقبال، چوہدری بلال اعجاز، فاروق آغا، فرخندہ کوکب، کنول شوزاب، محمد احمد چٹھہ، چوہدری آصف علی، شکیل احمد خان نیازی، سردار عظیم اللہ خان، مہر محمد جاوید اور محمد انصر اقبال شامل ہیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan