نئی دہلی، 19 اگست (ہ س)۔ راوز ایونیو کورٹ میں آج لینڈ فار جاب (نوکری کے بدلے زمین) کیس کی سماعت کے دوران اس معاملے میں ملزم بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی نے کہا کہ پیسے دے کر زمین خریدنا کوئی جرم نہیں ہے، کسی کو فائدہ پہنچانے کے لیے اس سے زمین نہیں خریدی جاتی ہے۔ خصوصی جج وشال گوگنے الزامات طے کرنے پر20 اگست کو بھی سماعت کریں گے۔
آج کی سماعت کے دوران رابڑی دیوی کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل نے کہا کہ جو زمین خریدی گئی تھی، اس کا سیل ڈیڈ موجود ہے اور زمین خریدنے کے بعد چھ سال تک کسی کو نوکری نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ پیسے دے کر زمین خریدنا کوئی جرم نہیں ہے۔
اس معاملے میں 7 اکتوبر 2024 کو عدالت نے لالو یادو، تیجسوی یادو، تیج پرتاپ یادو سمیت سات ملزمین کو ضمانت دی تھی۔ عدالت نے تمام ملزمان کی ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے پر ضمانت منظور کی تھی۔ اس معاملے میں 7 مارچ 2024 کو عدالت نے ای ڈی کیس میں رابڑی دیوی، میسا بھارتی، ہیما یادو اور ہردیانند چودھری کو باقاعدہ ضمانت دی تھی۔
عدالت نے 18 ستمبر 2024 کو ای ڈی کی طرف سے دائر کی گئی پہلی سپلیمنٹری چارج شیٹ کا نوٹس لیا۔ ای ڈی نے اس معاملے میں پہلی سپلیمنٹری چارج شیٹ 6 اگست 2024 کو داخل کی تھی۔ ای ڈی چارج شیٹ میں ای ڈی نے 11 لوگوں کو ملزم بنایا ہے۔ چارج شیٹ میں ثبوت کے طور پر 96 دستاویزات پیش کیے گئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد