سمستی پور،18اگست(ہ س)۔ بہار کے سمستی پور ضلع کے وبھوتی پور تھانہ علاقہ کے تحت وبھوتی پور پوربا پنچایت کے وارڈ نمبر 12 میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ کرنٹ لگنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد کی موت ہوگئی جبکہ چھ ماہ کی بچی شدید جھلس گئی۔ اس واقعہ سے پورے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
معلومات کے مطابق نرہان وارڈ نمبر 12 کی شانتی دیوی کے گھر میں بجلی کی سپلائی میں خلل پڑا۔ان کے 40 سالہ بیٹے ارون نے دیکھا کہ سروس وائر پر درخت کی شاخ لٹک رہی ہے، جس کی وجہ سے کرنٹ بہہ رہا ہے اور بجلی منقطع ہے۔ شاخ کو ہٹانے کی کوشش میں ارون تار میں پھنس گیا۔
ارون کو بچانے کی کوشش میں اس کی 60 سالہ ماں شانتی دیوی اور 16 سالہ بیٹا اجیت رام بھی کرنٹ کی زد میں آگیا۔ حادثے میں ارون رام کی چھ ماہ کی بیٹی جو کہ اپنی نانی کی گود میں تھی وہ بھی شدید جھلس گئی۔
تمام زخمیوں کو فوری طور پر پرائمری ہیلتھ سینٹر وبھوتی پور لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ارون رام، اس کی ماں اور بیٹے کو مردہ قرار دیا۔ زخمی لڑکی کو بہتر علاج کے لیے صدر اسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔
اس المناک حادثے کے بعد پورے گاؤں میں غم کی فضا ہے۔ گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ اس حادثے کی بڑی وجہ بجلی کے تاروں کی خراب حالت تھی۔ اس واقعہ نے محکمہ بجلی کی لاپروائی پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ مقامی لوگوں نے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی ایم ایل اے اجے کمار اپنی ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ انہوں نے متوفی کے لواحقین سے ملاقات کی اور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ ایم ایل اے نے اس حادثے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے انتظامیہ سے متاثرہ خاندان کی مدد کے لیے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی۔ وبھوتی پور تھانہ انچارج سنجے کمار جھا نے بتایا کہ پولیس نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا اور مرنے والوں کی لاشوں کا پنچنامہ تیار کیا جا رہا ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا جائے گا۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan