
نئی دہلی، 14 اگست(ہ س )۔
پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی دہلی کے صدر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ اکثر عدالتی مقدمات میں یہ بات سامنے آئی ہے اور ڈاکٹر بھی اس بات کی تائید کرتے ہیں کہ اگر سڑک پر کسی شخص کا حادثہ ہو جائے اور اُسے ایک گھنٹے کے اندر علاج مل جائے تو اُس کی جان بچنے کے امکانات بہت زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ تھی کہ دہلی میں سابق عام آدمی پارٹی حکومت نے دہلی کے فرشتے کے نام سے ایک اسکیم شروع کی تھی، جس کے تحت اگر کسی بھی شخص کا دہلی کی سڑکوں پر حادثہ ہوتا تو اُسے قریبی کسی بھی پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرا کے علاج کرایا جاتا تھا اور اس کا تمام خرچ دہلی حکومت برداشت کرتی تھی ۔ اس اسکیم سے سیکڑوں لوگوں کی جان بچائی گئی۔ مگر یہ شرم کی بات ہے کہ موجودہ بی جے پی حکومت نے یہ عوامی فلاحی اسکیم بند کر دی ہے۔ دو دن پہلے منگل کے روز پیش آئے ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے سوربھ بھاردواج نے بتایا کہ ایک وکیل اشوک اگروال نے دہلی حکومت کو خط لکھا، جس میں 26 سالہ نوجوان اَمن جھا کا ذکر کیا گیا۔ خط کے مطابق، پرسوں دہلی کی سڑک پر امن جھا کا حادثہ ہوا، انہیں قریبی اسپتال اسپائنل انجری سینٹر لے جایا گیا جہاں علاج نہیں کیا گیا۔ پھر فور ٹیس اسپتال، وسنت کنج لے جایا گیا لیکن وہاں بھی علاج نہ ہوا۔ اس کے بعد انہیں پرائما سپر اسپیشیالٹی اسپتال لے جایا گیا، وہاں بھی علاج نہ ہوا۔ آخرکار صفدرجنگ سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت ہو گئی۔ سوربھ بھاردواج نے کہا کہ بر وقت علاج نہ ملنے کے باعث امن جھا کی جان چلی گئی۔ یہی وجہ تھی کہ عام آدمی پارٹی کی سابق حکومت نے دہلی کے فرشتے اسکیم شروع کی تھی، جس کے تحت کوئی بھی شخص کسی زخمی کو قریبی اسپتال میں داخل کرا دے تو اس کے علاج کا تمام خرچ دہلی حکومت اٹھاتی تھی اور یوں جان بچائی جا سکتی تھی۔سوربھ بھاردواج نے کہا کہ آج بی جے پی حکومت نے اس اسکیم کو ختم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو یہ سمجھنا چاہیے کہ جب کوئی شخص سڑک پر چل رہا ہوتا ہے تو حادثہ یہ نہیں دیکھتا کہ وہ بی جے پی کا رکن ہے یا کسی بی جے پی لیڈر کے خاندان سے تعلق رکھتا ہے۔ حادثہ کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے اور یہ اسکیم ایسے ہی لوگوں کی جان بچانے کا ذریعہ تھی۔سوربھ بھاردواج نے کہا کہ جب دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت تھی تو اُس وقت بھی بی جے پی کے منظورِ نظر لیفٹیننٹ گورنر ونے سکسینہ نے اس اسکیم کو روکنے کی پوری کوشش کی۔ جان بوجھ کر پرائیویٹ اسپتالوں کو ادا کی جانے والی رقم کے بل روکے گئے، فنڈز روک دیے گئے۔ بطور وزیر صحت مجھے مجبوراً سپریم کورٹ کا رُخ کرنا پڑا اور سپریم کورٹ کے حکم کے بعد یہ فنڈ جاری ہوئے اور اسکیم دوبارہ بحال ہوئی۔ اب جب دہلی میں بی جے پی کی حکومت ہے تو پھر سے یہ اسکیم بند کر دی گئی، جس کے نتیجے میں 26 سالہ نوجوان امن جھا بر وقت علاج نہ ملنے سے جاں بحق ہو گیا۔ میڈیا کے ذریعے دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سے درخواست کرتے ہوئے سوربھ بھاردواج نے کہا کہ اس قسم کی اسکیمیں انسانیت کی خدمت کرنے والی اسکیمیں ہیں۔ محض گھٹیا سیاست کی خاطر ایسی اسکیموں کو بند نہ کیا جائے تاکہ دہلی کی سڑکوں پر علاج نہ ملنے کے باعث کسی اور امن جھا کی جان نہ چلی جائے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais