
نئی دہلی، 14 اگست (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما اور مٹیالا کے سابق ایم ایل اے راجیش گہلوت کا آج دوارکا کے وینکٹیشور اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا، دہلی بی جے پی صدر، دہلی حکومت کے وزرا ، ایم ایل اے اور کئی دیگر بی جے پی لیڈروں نے راجیش گہلوت کی موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ راجیش گہلوت کی آخری رسومات جمعہ کو نوادہ شمشان گھاٹ میں ادا کی جائیں گی۔
دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا، ایم پی کمل جیت سہراوت، دہلی کے وزرا پرویش صاحب سنگھ اور پنکج کمار سنگھ، ایم ایل اے سندیپ سہراوت وغیرہ نے راجیش گہلوت کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ سابق ایم ایل اے راجیش گہلوت کے اچانک انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک اور بے چین کرنے والی ہے۔ انہوں نے جمعرات کو ایک ایکس پوسٹ میں کہا کہ دہلی بی جے پی نے ایک حقیقی عوامی خدمت گار، فعال کارکن اور ایک ایسے شخص کو کھو دیا ہے جو ہمیشہ سماج کی فلاح و بہبود کے لیے وقف تھا۔ ایشور سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کی روح کو اپنے قدموں میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابل برداشت نقصان برداشت کرنے کی طاقت دے۔
دہلی بی جے پی کے صدر سچدیوا نے کہا کہ وہ سابق ایم ایل اے اور دوارکا شری رام لیلا سوسائٹی کے چیف سرپرست راجیش گہلوت کے اچانک انتقال کی خبر سے افسردہ ہیں۔ خدمت کے تئیں ان کی لگن ہمیشہ ناقابل فراموش رہے گی۔ سچدیوا نے کہا کہ راجیش گہلوت کی زندگی عوامی خدمت اور تنظیم کی توسیع کے لیے وقف تھی۔ انہوں نے مغربی دہلی میں خاص طور پر دیہی علاقوں میں بی جے پی اور قوم پرستی کے نظریات کو پھیلانے میں اہم کردار ادا کیا اور مغربی دہلی میں ایک بہت بڑی رام لیلا شروع کرکے ثقافتی نظریات کو بھی پھیلایا۔ ان کی موت کی خبر ملتے ہی مغربی دہلی بی جے پی کے ہزاروں کارکنان اسپتال اور ان کی رہائش گاہ پر جمع ہوگئے۔
مالویہ نگر سے بی جے پی ایم ایل اے ستیش اپادھیائے نے ایک ایکس پوسٹ میں کہا کہ میرے عزیز ساتھی راجیش گہلوت کے اچانک انتقال کی خبر بہت افسوسناک ہے۔ انہوں نے دہلی بی جے پی کے صدر کے طور پر میرے دور میں میرے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کیا اور دہلی میونسپل کارپوریشن میں میرے دور میں ہم دونوں نے مل کر بہت سے اہم کام مکمل کئے۔ معاشرے اور خطے کے لیے ان کی خدمات ناقابل فراموش رہیں گی۔ایشور سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کی روح کو سکون عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو اس مشکل وقت میں ہمت دے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد