نئی دہلی، 14 اگست(ہ س )۔
عام آدمی پارٹی کی سینئر رہنما اور دہلی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف آتشی نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کو خط لکھ کر مون سون کی تیاریوں میں مکمل طور پر ناکام پی ڈبلیو ڈی وزیر پرویش ورما کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ جمعرات کو لکھے گئے اس خط میں آتشی نے کہا کہ ہنسر اج سیٹھی مارگ پر بارش کے دوران درخت گرنے سے بائیک سوار کی موت کوئی قدرتی آفت نہیں بلکہ چار انجن والی بی جے پی حکومت کی مون سون سے پہلے کی تیاریوں میں ناکامی کا نتیجہ ہے۔ یہ انتہائی شرمناک ہے کہ بی جے پی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد دہلی میں بارش کے باعث کئی لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔آتشی نے خط میں کہا کہ اگر مون سون سے پہلے بی جے پی حکومت دور اندیشی دکھاتی اور بارش سے قبل دہلی کے بنیادی ڈھانچے پر کام کر لیتی تو یہ تمام حادثات روکے جا سکتے تھے۔ دہلی کی حفاظت اور انفراسٹرکچر کو برقرار رکھنے کے ذمہ داری پی ڈبلیو ڈی وزیر پرویش ورما کی ہے اور وہ اس میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ اس لیے پرویش ورما کو چاہیے کہ وہ ان اموات کی اخلاقی ذمہ داری لیتے ہوئے اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں۔آتشی نے کہا کہ بدھ کی صبح قومی دارالحکومت میں شدید بارش کے دوران ہنسر اج سیٹھی مارگ پر ایک درخت گرنے سے ایک نوجوان کی موت ہو گئی، جبکہ ایک لڑکی شدید زخمی ہوئی ہے اور زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ یہ کوئی قدرتی آفت نہیں بلکہ بی جے پی حکومت کی مون سون سے پہلے کی تیاریوں میں مکمل ناکامی کا نتیجہ ہے۔انتظامی غفلت کی کئی مثالیں دیتے ہوئے آتشی نے کہا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ بی جے پی حکومت کے آنے کے بعد قومی دارالحکومت دہلی میں بارش کے باعث کئی لوگ اپنی جان گنوا چکے ہیں جو کہ نہایت افسوسناک ہے۔ گذشتہ ہفتے (9 اگست) کو رکشا بندھن کے دن، جب پورا ملک بھائی بہن کے تہوار کی خوشی منا رہا تھا، دہلی میں دو الگ الگ دردناک حادثات پیش آئے۔ ایک واقعے میں کھیڑا خورد میں فرنی روڈ پر کھلے نالے میں گر کر ڈھائی سالہ معصوم بچہ ڈوب کر مر گیا۔ دوسرے واقعے میں جیت پور علاقے میں دیوار گرنے سے کم از کم آٹھ افراد جاں بحق ہوئے جن میں دو معصوم بچے بھی شامل تھے۔آتشی نے مزید کہا کہ 30 جولائی کو خبر آئی کہ ایل جی سکریٹریٹ کے قریب شمالی دہلی کی سہگل کالونی میں دیوار گرنے سے ایک عورت اور اس کا بیٹا جاں بحق ہو گئے جبکہ دو مزدور زخمی ہوئے۔ 22 مئی کو اطلاع ملی کہ تیز آندھی اور بارش کے باعث کم از کم دو افراد کی موت ہو گئی جن میں ایک معذور شخص بھی شامل تھا اور 11 لوگ زخمی ہوئے۔وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کو لکھے خط میں آتشی نے کہا کہ یہ تو وہ واقعات ہیں جو میڈیا میں آ گئے، جبکہ اس سال کی بارش میں مزید کئی لوگ جان سے گئے ہیں۔ اگر بی جے پی حکومت مون سون سے پہلے انفراسٹرکچر پر کام کرتی اور انتظامیہ وقت پر فیصلہ لیتی تو ہر موت کو روکا جا سکتا تھا۔ دہلی کے لوگ بارش میں پانی بھری سڑکوں سے گزرنے، گرتے درختوں سے بچنے اور ہر وقت خوف کے سائے میں جینے پر مجبور ہیں۔آتشی نے کہا کہ لوک نرمان وبھاگ (پی ڈبلیو ڈی) کو دہلی کی حفاظت اور بنیادی ڈھانچے کی ذمہ داری دی گئی ہے، لیکن وہ اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہا ہے۔ پی ڈبلیو ڈی وزیر پرویش ورما کو اخلاقی ذمہ داری لینی چاہیے اور فوراً کابینہ سے ہٹا دینا چاہیے۔ اس کارروائی کے بعد ہی عوام کا اعتماد بحال ہو پائے گا۔ اس وقت پورے شہر کی نظریں آپ پر ہیں کہ آپ ان اموات کے ذمہ دار افراد کے خلاف کیا کارروائی کریں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais