۔تعمیر نو اور بحالی کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا
- ریاستی حکومت قدرتی آفات کے متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے: وزیر اعلی
دہرادون، 11 اگست (ہ س)۔ اتراکھنڈ کے اترکاشی ضلع میں دھرالی آفت کے 98 متاثرہ خاندانوں کو دھامی حکومت کی طرف سے مالی امداد کے طور پر 5-5 لاکھ روپے کے چیک سونپے گئے ہیں۔ حکومت نے آفت سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ دریں اثنا وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے آفت سے متاثرہ لوگوں کو یقین دلایا ہے کہ ریاستی حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔
پچھلے ہفتے 5 اگست کو قدرتی آفت نے اترکاشی اور پوڑی اضلاع میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی۔ کئی مقامات پر شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور ملبہ کے بہنے سے مکانات مکمل طور پر تباہ اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا، جس کی وجہ سے متاثرہ خاندانوں کو شدید بحران کا سامنا کرنا پڑا۔
آفت زدگان کی مالی امداد کے لیے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کے اعلان کے مطابق، گنگوتری اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے سریش سنگھ چوہان نے پیر کو دھرالی میں 98 خاندانوں میں امدادی رقم کے چیک تقسیم کیے ہیں۔ اس موقع پر آفت زدہ افراد نے امدادی رقم فوری ملنے پر دھامی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مقامی عوامی نمائندے، انتظامی افسران اور علاقائی شہری بھی موجود تھے۔
کمیٹی سات روز میں تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی
دریں اثنا وزیر اعلیٰ دھامی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ آفت سے متاثرہ علاقے میں رہنے والے لوگ میرے خاندان کے رکن ہیں۔ ہماری حکومت ان کی مدد کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ متاثرین میں امداد اور ریلیف کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومت نے عمارتوں، رہائش گاہوں، گھروں، مویشیوں اور باغات کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ لگانے کے لیے ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، جو سات دنوں میں اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔
اس رپورٹ کی بنیاد پر ایک جامع راحت اور بحالی پیکج تیار کیا جائے گا، تاکہ متاثرہ افراد کو طویل مدتی مدد مل سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعمیر نو اور بحالی کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا، تاکہ تمام متاثرین جلد از جلد معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد