جموں, یکم اگست (ہ س)۔
چینی نائیلون ڈور کی غیر قانونی فروخت کے خلاف مہم کے تحت بارڈر پولیس پوسٹ گڑکھل، اکھنور کی ٹیم نے آج ایک اہم کارروائی انجام دیتے ہوئے ایک شخص کو ممنوعہ گٹو ڈور کی فروخت کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ یہ ڈور اپنی تیز دھار اور خطرناک نوعیت کی وجہ سے انسانوں، پرندوں اور جانوروں کے لیے جان لیوا ثابت ہو چکی ہے۔
گرفتار ملزم کی شناخت رجت سنگھ عرف راجو ولد باغ سنگھ سکنہ ڈبے، تحصیل مڑ، ضلع جموں کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے اس کے قبضے سے ممنوعہ چینی گٹو ڈور کے چار گولے برآمد کیے ہیں۔
واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے پولیس اسٹیشن اکھنور میں ایف آئی آر نمبر 131/2025 زیر دفعہ 223 بی این ایس کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
جموں پولیس نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ خطرناک اور ممنوعہ اشیاء کی خرید و فروخت یا استعمال کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔ چینی ڈور کے باعث ماضی میں متعدد افراد زخمی اور بعض جان کی بازی بھی ہار چکے ہیں۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کی ممنوعہ ڈور کی فروخت یا ذخیرہ اندوزی سے متعلق کوئی بھی اطلاع نزدیکی پولیس اسٹیشن یا ضلعی پولیس کے جاری کردہ ہیلپ لائن نمبروں پر فوری طور پر دیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر