لکھیم پور (آسام)، 03 اگست (ہ س)۔
انسانیت کو شرمسار کرنے والا ایک دردناک واقعہ آسام کے ڈھکوا خانہ علاقے میں سامنے آیا ہے جہاں ایک ماں نے اپنی نوزائیدہ بیٹی کو پیدائش کے فوراً بعد پیسے کے بدلے فروخت کر دیا۔
یہ واقعہ ڈھکواخانہ صدر تھانہ علاقہ کے جیاماریا گاو¿ں کا ہے، جہاں منٹو کوچ نامی شخص کی بیوی پمپی دتہ نے اپنی نوزائیدہ بیٹی کو گوہاٹی کے فاٹاسل آمباری کے رہنے والے پربل داس کو بیچ دیا۔ بتایا گیا کہ چھ ماہ قبل حاملہ پمپی دتہ اپنے والد کے گھر مکراچوک گئی تھی۔ اس کے بعد پمپی اور اس کی ماں پونیا دتہ نے مل کر ایک خوفناک سازش رچی اور ایک دلال کے ذریعے گوہاٹی کے ایک مشہور شخص پربل داس کے ساتھ معاہدہ کیا۔
اپنے شوہر کو بتائے بغیر، پمپی دتہ نے لکھیم پور کے چابٹی میں واقع ملٹی اسپیشلٹی اسپتال میں ایک بچی کو جنم دیا اور پھر اسے بیچ دیا۔ پمپی کی والدہ نے بچے کی فروخت میں مکمل تعاون کیا۔ منٹو کوچ نے بچے کے بارے میں پوچھا تو اس سے جھوٹ بولا گیا اور بتایا گیا کہ اسقاط حمل ہو گیا ہے۔
بعد ازاں منٹو کوچ نے پورے معاملے کی اطلاع ڈھکوا خانہ صدر پولیس اسٹیشن کو دی جس کے بعد پولیس کی تفتیش میں سارا معاملہ سامنے آیا۔ پوچھ گچھ کے دوران ماں اور بیٹی نے کچھ نہیں بتایا لیکن ان کے موبائل فون کی جانچ سے ایک سراغ مل گیا اور پولیس نے گوہاٹی کے فاٹاسل آمباری میں پربل داس کے گھر سے نومولود بچے کو بحفاظت برآمد کر لیا۔
ڈھکواخانہ پولیس نے پمپی دتہ اور اس کی والدہ پونیا دتہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان دونوں کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 143 (4) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ