نئی دہلی، 6 جولائی (ہ س)۔ بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی یعنی اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے تحت ابتدائی مرحلہ تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ اس مرحلے میں انتخابی فارم کی چھپائی اور تقسیم کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ اب تک 1.69 کروڑ گنتی فارم جمع کیے جا چکے ہیں، جبکہ 7.25 فیصد فارم ای سی آئی-نیٹ پر اپ لوڈ کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے اتوار کو ایک بیان جاری کرکے یہ اطلاع دی۔ کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ایس آئی آر کا عمل 24 جون کو جاری کردہ ہدایات کے مطابق کیا جا رہا ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ ان ہدایات کے مطابق مسودہ انتخابی فہرستیں یکم اگست کو شائع کی جائیں گی۔ان میں صرف ان افراد کے نام شامل ہوں گے جن کے فارم بروقت موصول ہوئے ہیں۔
رائے دہندگان 25 جولائی سے پہلے کسی بھی وقت اپنے دستاویزات جمع کرا سکتے ہیں۔ اگر مسودہ فہرست کی اشاعت کے بعد کسی دستاویز میں کمی پائی جاتی ہے، تو کلیم اعتراض کی مدت کے دوران متعلقہ ووٹر سے ضروری دستاویزات لیے جا سکتے ہیں۔ کمیشن کے مطابق 6 جولائی 2025 کی شام 6 بجے تک بہار میں گنتی کے 1,69,49,208 فارم جمع کیے جا چکے ہیں، جو ریاست میں اندراج شدہ کل 7.90 کروڑ ووٹروں کا 21.46 فیصد ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 65,32,663 فارم جمع کرائے گئے ہیں۔ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ میں ابھی 19 دن باقی ہیں۔ اب تک 7.25 فیصد فارم ای سی آئی-نیٹ ایپ اور پورٹل کے ذریعے اپ لوڈ کیے جا چکے ہیں۔ فارم ڈاؤن لوڈ کے لیے پورٹل اور ایپ پر دستیاب ہیں، اور وہاں سے بھی اپ لوڈ کیے جا سکتے ہیں۔
ریاست بھر میں 77,895 بی ایل او گھر گھر جا کر ووٹروں کو فارم بھرنے اور جمع کروا رہے ہیں۔ بہت سے بی ایل او ووٹروں کی لائیو تصویریں لے کر اپ لوڈ کر رہے ہیں، تاکہ انہیں تصویر کلک کرنے میں کوئی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ 20,603 نئے بی ایل اوز کا تقرر کیا جا رہا ہے۔ تقریباً 4 لاکھ رضاکار جن میں سرکاری ملازمین، این سی سی کیڈٹس، این ایس ایس ممبران وغیرہ شامل ہیں، بوڑھوں، معذوروں اور بیماروں کی مدد کے لیے میدان میں سرگرم ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست کے تمام 243 اسمبلی حلقوں میں 239 ای آر او، 963 اے ای آر او، 38 ڈی ای او اور چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے نمائندے کام کر رہے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کے 1,54,977 بوتھ لیول ایجنٹس بھی اس عمل میں تعاون کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد