چنڈی گڑھ، 30 جولائی (ہ س)۔ ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی پہلے وزیر اعظم ہیں جن کی قیادت میں ملک تیزی سے ترقی یافتہ ملک بننے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ مرکزی حکومت نے ملک کے ہر طبقے کے لیے پالیسیاں بنانے اور ثقافت اور روایات کے تحفظ سمیت ہر شعبے کو مضبوط کرنے کے لیے کام کیا ہے۔ آج وزیر اعظم کی قیادت میں ہندوستان دنیا میں ایک ’برائٹ اسپاٹ‘ کے طور پر ابھرا ہے۔ ملکی معیشت 11 ویں نمبر سے چوتھے نمبر پر آگئی ہے اور ان کے دور حکومت کے گزشتہ 11 برسوں میں لوگوں کو طرح طرح کی سہولیات میسر آئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ بدھ کو کروکشیتر ضلع کے پیہووا کے ارونائے گاوں میں شری سنگمیشور مہادیو مندر میں صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔ قبل ازیں وزیر اعلی نے شری سنگمیشور مہادیو مندر میں منتروں کے جاپ کے درمیان جلابھیشیک کیا اور ریاست کے لوگوں کی اچھی صحت اور ریاست کی ترقی کے لئے پرارتھنا کی۔ اس کے بعد انہوں نے مندر کا دورہ کیا۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے مندر کے احاطے میں ایک پودا بھی لگایا۔
آپریشن سندور اور آپریشن مہادیو پر سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن نے تعریف حاصل کرنے کے لیے پارلیمنٹ کو روکنے اور خلل ڈالنے کی کوشش کی لیکن وزیر اعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ملک کے سامنے سچائی پیش کی اور معصوم لوگوں کو گولی مارنے والے دہشت گردوں کا صفایا کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی دنیا کے مقبول لیڈر ہیں۔ ہر شخص وزیراعظم کی پالیسیوں پر یقین رکھتا ہے۔ اس موقع پر سابق وزیر سبھاش سدھا، کملیش ڈھانڈا، ضلع پریشد چیرمین کوولجیت کور اور دیگر معززین موجود تھے۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد