پٹنہ، 31 جولائی (ہ س)۔ دربھنگہ ضلع کے بینی پور بلاک کے دھیروکھ گاؤں میں پرانی کملا ندی پر گیٹڈ وئیر اور دیگر متعلقہ تعمیراتی کاموں کے منصوبے کو انتظامی منظوری مل گئی ہے۔ اس پروجیکٹ پر تقریباً 26.26 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔جمعرات کےروز مذکورہ بالا معلومات دیتے ہوئے بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے کہا کہ اس تعمیراتی منصوبے کا بنیادی مقصد مقامی آبپاشی کی صلاحیت کو بڑھانا، سیلاب پر قابو پانا اور پانی کے تحفظ کو بہتر بنانا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ چودھری نے کہا کہ بہار میں نتیش کمار کی حکومت سیلاب کنٹرول اور پانی کے تحفظ کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2005 کے مقابلے میں اب ہم تباہی سے لڑنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ اس سے قبل 2007-08 میں جب نیپال سے ایک لاکھ 93 ہزار کیوسک پانی چھوڑا گیا تھا تو 15 اضلاع سیلاب کی زد میں آئے تھے۔ گزشتہ سال جب 6 لاکھ کیوسک پانی چھوڑا گیا تھا تو اس وقت بھی صرف 156 گاؤںمیں پانی آیا تھا۔ پہلے سیلاب کا پانی ہمارے لیے تباہی کا باعث تھا لیکن اب مناسب انتظامات کی وجہ سے فائدہ مند ثابت ہورہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan