بھونیشور، 31 جولائی (ہ س)۔
ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینے کی سمت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے، اوڈیشہ حکومت نے ریاست میں تمام سرکاری دفاتر، خود مختار اداروں اور ریاستی پبلک سیکٹر کے اداروں میں سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال پر مکمل پابندی کا اعادہ کیا ہے۔
ریاستی حکومت نے یہ ہدایت تمام ایڈیشنل چیف سکریٹریز، پرنسپل سکریٹریز اور کمشنر کم سکریٹریوں کو لکھے گئے ایک سرکاری خط کے ذریعے جاری کی ہے، جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر پلاسٹک پر پابندی سے متعلق قوانین کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنائیں۔ خط میں بتایا گیا ہے کہ اوڈیشہ میں 2 اکتوبر 2019 سے سنگل یوز پلاسٹک پر پابندی سرکاری طور پر نافذ ہے، جب کہ مرکزی حکومت نے یکم جولائی 2022 سے ملک بھر میں یہ پابندی نافذ کر دی تھی۔ اس کے باوجود شہری علاقوں اور پکنک کے مقامات سمیت کئی مقامات پر اب بھی ان پلاسٹک اشیاء کا بڑے پیمانے پر استعمال ہو رہا ہے۔
حکومت نے تمام محکموں سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور سرکاری احاطے میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی لگانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ