پٹنہ،30جولائی(ہ س)۔بہار میں مسلسل بارش سے لوگ پریشان ہیں۔ وی وی آئی پی بھی اس سے اچھوتے نہیں ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی کی سرکاری رہائش گاہ میں اچانک کرنٹ آیا۔ درخت گرنے سے ایسی صورتحال پیدا ہوئی۔ سیکوریٹی اہلکار بال بال بچ گئے اور کسی طرح اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوگئے۔سابق وزیر اعلیٰ اور موجودہ مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی کی سرکاری رہائش گاہ اسٹینڈ روڈ پر واقع ہے۔ پٹنہ میں قیام کے دوران جیتن رام مانجھی اسٹینڈ روڈ واقع رہائش گاہ پر ٹھہرے ہیں۔ کل رات مسلسل بارش کی وجہ سے جیتن رام مانجھی کی سرکاری رہائش گاہ کے باہر مین گیٹ پر ایک بڑا درخت گر گیا۔ جس کے باعث مین گیٹ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ درخت کا ایک حصہ اس کمرے پر گرا جس میں سیکوریٹی اہلکار موجود تھے۔کہا جاتا ہے کہ درخت اتنا بڑا تھا کہ جس چیز پر گرا وہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ درخت گرنے سے احاطے میں بجلی کا کرنٹ دوڑ گیا۔ سیکورٹی کے لیے تعینات سیکورٹی اہلکاروں کے کمرے میں بھی کرنٹ لگ گیا۔ بجلی کا کنکشن آناً فاناًمیں کاٹ دیا گیا۔واقعہ کے وقت سابق وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی رہائش گاہ کے اندر نہیں تھے۔ رہائش گاہ کے اندر موجود ایک شخص اور نگراں مہندر سدا نے بتایا کہ ایک بہت پرانا درخت آدھی رات کو گر گیا، جس کی وجہ سے سیکورٹی گارڈ کے کمرے کو مکمل نقصان پہنچا۔ ہم لوگوں نے احتیاط کے طور پر بجلی منقطع کر دی ہے۔ میونسپل کارپوریشن اور محکمہ جنگلات کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ محکمہ جنگلات کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ محکمہ کے اہلکار شبھم نے کہا کہ ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ درخت کو ہٹانے کا عمل جاری ہے۔ درخت کو ہٹانے کا عمل جلد ہی مکمل کر لیا جائے گا۔ فی الحال ٹریفک کو بحال کر دیا گیا ہے۔واضح ہو کہ لگاتار بارش کی وجہ سے پٹنہ میں نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا مسئلہ ہے۔ اس سے لوگ بہت پریشان ہیں۔ مقامی لوگ آبی نکاسی کے نظام پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan