کشتواڑ کے جنگلات میں دہشت گردوں کی تلاش میں تلاشی کاروائی جاری
جموں, 3 جولائی (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے گھنے جنگلات پر مشتمل کنزل مندو علاقے (کچھال-چھاترو بیلٹ) میں بدھ کی شب سے سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپ جاری ہے۔مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر شروع کیے گئے اس بڑے پیمانے کے تلاشی آپری
Encounter


جموں, 3 جولائی (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے گھنے جنگلات پر مشتمل کنزل مندو علاقے (کچھال-چھاترو بیلٹ) میں بدھ کی شب سے سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپ جاری ہے۔مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر شروع کیے گئے اس بڑے پیمانے کے تلاشی آپریشن میں دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بدھ کی شام تقریباً 7 بج کر 45 منٹ پر پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طور پر کچھال کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا۔ اس دوران دہشت گردوں نے فورسز کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر فورسز نے بھی جوابی کارروائی کی۔

اطلاعات ہیں کہ جھڑپ کے دوران کم از کم ایک دہشت گرد زخمی ہوا ہے، تاہم اس کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے رکھا ہے، جبکہ ڈرونز اور سونگھنے والے کتوں کی مدد سے چھپے ہوئے دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔ مزید کمک بھی علاقے میں روانہ کی گئی ہے تاکہ فرار کے تمام راستے بند کیے جا سکیں۔

حکام کے مطابق جھڑپ میں ملوث دہشت گرد پاکستان میں سرگرم کالعدم تنظیم جیشِ محمد سے وابستہ ہیں، اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق علاقے میں تنظیم کے دو خطرناک دہشت گرد سیف اللہ اور عادل، سرگرم بتائے جا رہے ہیں۔

یہ جموں خطے میں ایک ہفتے کے دوران دوسرا بڑا تصادم ہے۔ اس سے قبل 26 جون کو ادھم پور ضلع کے بسنت گڑھ علاقے میں ایک پاکستانی جیشِ محمد دہشت گرد ہلاک ہوا تھا، جبکہ اس کے تین ساتھی گھنے جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے تھے۔

سیکورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام چھپے دہشت گردوں کو انجام تک نہیں پہنچایا جاتا ہے ۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande