راجوری اور ریاسی اضلاع میں آج اسکول بند رہیں گے
جموں، 22 جولائی (ہ س)۔ جموں خطے میں آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران موسلا دھار بارش کی پیشن گوئی کے پیش نظر مختلف اضلاع کی ضلع انتظامیہ نے احتیاطی اقدامات کے تحت اہم فیصلے لیے ہیں۔ راجوری اور ریاسی اضلاع میں تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، جبکہ سانبہ ضلع میں ڈپٹی کمشنر نے عوامی سلامتی کے لیے تفصیلی ایڈوائزری جاری کی ہے۔
راجوری میں شدید بارش کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے، جس سے متعدد نشیبی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ راجوری نے ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ خراب موسم کے پیش نظر ضلع کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔
ریاسی میں بھی موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے طور پر 22 جولائی کو تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف ایجوکیشن آفیسر ریاسی کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری و نجی اسکول 22 جولائی کو بند رہیں گے تاکہ طلبا و عملہ کسی ممکنہ خطرے سے محفوظ رہ سکیں۔
سانبہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر نے عوام کے تحفظ کے پیش نظر اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے شہریوں کو مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور پانی جمع ہونے کے خدشات سے خبردار کیا ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ لوگ بلا ضرورت سفر سے گریز کریں، خاص طور پر اُن علاقوں میں جہاں مٹی کے تودے گرنے یا نالے عبور کرنے کا خطرہ ہو۔
مزید کہا گیا ہے کہ بہتے نالوں، دریا یا دیگر آبی گزرگاہوں کو ہرگز عبور نہ کیا جائے۔ اسکول انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ اگر کسی عمارت کو غیر محفوظ قرار دیا جائے تو تدریسی سرگرمیاں فوری طور پر بند کر دی جائیں۔ ایسے طلبا جنہیں اسکول پہنچنے کے لیے پانی کی رکاوٹیں عبور کرنی پڑتی ہیں، اُن کے لیے کلاسز موسم بہتر ہونے تک معطل رہیں گی۔
ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری امداد کے لیے شہریوں کو ڈسٹرکٹ کنٹرول روم نمبر پر رابطہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔
انتظامیہ نے تمام اضلاع کے باشندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم سے متعلق سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر