بیگوسرائے،22جولائی(ہ س)۔ بہار میں بدمعاشوں کے حوصلے بلند ہیں۔ آئے روز قتل کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔ اس دوران بدمعاشوں نے گذشتہ رات بیگوسرائے میں مچھلی تاجر کا قتل کر دیا ہے۔ گولیوں کی آواز سے موقع پر خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعہ ڈنڈاری تھانہ علاقہ کے راج پور نوگھاٹ میں پیش آیا۔
مچھلی تاجر کی شناخت ہرےرام پاسوان، عمر 42سال، ساکن راج پور وارڈ نمبر 3 کے طور پر کی گئی ہے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہرےرام پاسوان اپنی بیوی کے ساتھ بازار سے سامان خرید کر گھر واپس آرہے تھے کہ بوڑھی گنڈک ندی کے کنارے گھات لگائے بیٹھے بدمعاشوں نے ہرےرام پاسوان کے سر میں گولی مار دی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق بدمعاشوں کی تعداد تین تھی۔ انہوں نے مچھلی تاجر ہرےرام پاسوان کو پانی کے ٹیکس کے تنازعہ پر قتل کیا ہے۔ وہیں واقعہ کے بعد مشتعل لوگوں نے ایک ملزم کو پکڑ کر جم کر پٹائی کر دی۔
ہرےرام پاسوان کی اہلیہ نے کہا کہ میرا شوہر سرکاری لیز پر 5 لاکھ روپے دے کر پانی میں مچھلی کے بیج ڈالنے جا رہا تھا۔ اس آبی ذخائر پر پہلے ہی تنازعہ چل رہا تھا۔ گاؤں کے برجو یادو اور اس کے ساتھی قتل میں ملوث ہیں۔
دوسری طرف قتل کی اطلاع ملتے ہی بیگوسرائے کے ایس پی منیش اور ڈی ایس پی پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ فی الحال پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا ہے۔
واضح ہو کہ اس سے پہلے 17 جولائی کو بدنام زمانہ مجرم چندن مشرا کو پٹنہ کے پارس اسپتال میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ چندن مشرا علاج کے لیے پیرول پر باہر آئے تھے۔ یہ سارا واقعہ سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا۔ جس میں پانچ ملزمین کھلے عام قتل کرتے نظر آئے۔
دوسری طرف 4 جولائی کو بہار کے مشہور تاجر گوپال کھیمکا کو گاندھی میدان تھانہ علاقے سے صرف 300 میٹر کے فاصلے پر واقع ان کے گھر کے سامنے قتل کر دیا گیا تھا۔ گوپال کھیمکا بانکی پور کلب سے گھر لوٹے تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan