پولیس کے اعلیٰ افسران نے بوڑھا امرناتھ یاترا کی سیکورٹی کا جائزہ لیا
جموں، 22 جولائی (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں بوڑھ امرناتھ یاترا کے پیش نظر پولیس کے اعلیٰ حکام نے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور یاترا کو پرامن، محفوظ اور منظم طریقے سے انجام دینے کے لیے فول پروف سیکورٹی انتظامات پر زور دیا۔
یہ تیرہ روزہ یاترا 28 جولائی کو جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے شروع ہو کر 9 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔ پولیس ترجمان کے مطابق، ادھمپور-ریاسی رینج کی ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سارہ رضوی نے سندربنی میں یاترا کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی کوآرڈی نیشن اور سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔
اس اجلاس میں ڈی آئی جی شوم کمار شرما، جموں اور راجوری کے ضلع پولیس سربراہان، فوج اور نیم فوجی دستوں کے افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران متعلقہ افسران نے اپنے علاقوں میں تعیناتی اور سیکورٹی صورتحال کے بارے میں تفصیلات پیش کیں۔
ڈی آئی جی رضوی نے فول پروف سیکورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور یاتریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ایجنسیوں کے مابین موثر رابطہ، بروقت معلومات کی ترسیل اور یاترا روٹ کی چوبیس گھنٹے نگرانی پر زور دیا۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ بوڑھ امرناتھ یاترا صرف ایک مذہبی تقریب نہیں بلکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی علامت ہے، لہٰذا اس کے پرامن انعقاد کی ذمہ داری تمام ایجنسیوں پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ یاتریوں کی نقل و حرکت صرف قافلوں کی صورت میں ہوگی اور کوئی بھی یاترا گاڑی بغیر سیکورٹی اسکواٹ کے روانہ نہیں کی جائے گی۔ اگر کوئی گاڑی چھوٹ جائے تو اسے منی قافلے میں شامل کر کے روانہ کیا جائے گا۔ ڈی آئی جی نے تمام متعلقہ ایجنسیوں کی تیاریوں کو سراہتے ہوئے یاترا کے دوران مسلسل جائزہ اجلاسوں اور فوری رابطہ کاری کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے عوام اور یاتریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے انہیں مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر