اردو لسانیات کو نئے سماجی تناظر سے ہم آہنگ کرنے کے لیے قومی اردو کونسل پابندِ عہد : ڈاکٹر شمس اقبال
قومی اردو کونسل نئے لسانی تناظر میں اہم تحقیقی کتابیں شائع کرے گی : ڈاکٹر شمس اقبال قومی اردو کونسل کے صدر دفتر میں لسانیات اورسماجی لسانیات پینل کی میٹنگ نئی دہلی،21جولائی(ہ س)۔ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، نئی دہلی کے صدر دفتر میں لسانیات ا
اردو لسانیات کو نئے سماجی تناظر سے ہم آہنگ کرنے کے لیے قومی اردو کونسل پابندِ عہد : ڈاکٹر شمس اقبال


قومی اردو کونسل نئے لسانی تناظر میں اہم تحقیقی کتابیں شائع کرے گی : ڈاکٹر شمس اقبال

قومی اردو کونسل کے صدر دفتر میں لسانیات اورسماجی لسانیات پینل کی میٹنگ

نئی دہلی،21جولائی(ہ س)۔

قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، نئی دہلی کے صدر دفتر میں لسانیات اورسماجی لسانیات (Linguistics and Socio Linguistics) پینل کی میٹنگ ہوئی، اس میٹنگ میں ملک کے ممتاز ماہرین لسانیات اورسماجی علوم کے اسکالرز شریک ہوئے جس کی صدارت معروف ماہر لسانیات پروفیسر اے آر فتیحی (سابق پروفیسر شعبہ لسانیات ،علی گڑھ مسلم یونیور سٹی) نے کی ۔میٹنگ کے آغاز میں کونسل کی اسسٹنٹ ڈائرکٹر(اکیڈمک) ڈاکٹر شمع کوثر یزدانی نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا۔ قومی کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد شمس اقبال نے افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ قومی اردو کونسل نے اردو لغت نویسی،اصول فرہنگ نویسی اورلسانی اصول وغیرہ پر پہلے بھی کام کیاہے اور آگے بھی ان موضوعات پرکام کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ بدلتے لسانی منظر نامے اورچیلنجز کا اردو قارئین مقابلہ کرسکیں۔ انھوں نے کہاکہ اردو زبان کی ساخت اورسماجی تناظر میں اس کے استعمال کو دستاویزی شکل دینے کے لیے ورکشاپ کی اشد ضرورت ہے جسے مستقبل قریب میں عمل میں لا یا جائے گااور پوری امید ہے کہ ہماری یہ کوشش اپنی تہذیب اور زبان کے اخلاقیات کو باقی رکھنے میں معاون ثابت ہو گی۔ پروفیسر اے آر فتیحی نے کہاکہ ادب کا انحصار زبان پر ہے اوراس کے بغیر کوئی بھی بات مکمل نہیں ہوتی۔ انھوں نے مزید کہاکہ لسانیات زبان کے مطالعے کا وہ سائنسی علم ہے جو زبان کی ساخت،صوتیات،معنی،گرامراور اس کی تاریخی وسماجی ارتقا کا جائزہ لیتاہے۔موجودہ وقت میں زبان پر ہماری گرفت جتنی زیادہ ہوگی ہمارا ادب اتنا ہی بامعنی اور بافیض ہوگا۔پروفیسر سید امتیاز حسنین(ایڈجنکٹ پروفیسر، شعبہ انگریزی مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی)نے لسانیات اورسماجی لسانیات کی خصوصیات اوراس کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔انھو ں نے اس موضوع پر قومی اردو کونسل سے شائع شدہ کتابوں کے حوالے سے کہاکہ یہاں سے جو بھی کتابیں لسانیات پر شائع ہورہی ہیں وہ بے حد اہم اور معلوماتی ہیں جن سے طلبا اوراساتذہ دونوں مستفید ہوسکتے ہیں۔ان کے علاوہ پروفیسراعجاز محمد شیخ(صدرشعبہ لسانیات،کشمیر یونیورسٹی)،پروفیسر جہانگیر وارثی(شعبہ لسانیات ،علی گڑھ مسلم یونیورسٹی)، پروفیسر رویند گرگِیش اورڈاکٹر سید تنویر حسین (شعبہ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ)نے بھی اردو زبان میں لسانی تحقیق کی موجودہ صورت حال پر روشنی ڈالی اور موضوع سے متعلق مفید مشورے دیے۔میٹنگ کے دوران ممبران نے اس پینل کے تحت جاری اور مکمل شدہ مختلف پروجیکٹس کا جائزہ لیا اور ان کے تعلق سے اہم فیصلے لیے گئے۔ اس موقعے پر کونسل سے ڈاکٹر مسرت(ریسرچ آفیسر،اکیڈمک)، ڈاکٹر صائمہ ثمرین(پروجیکٹ اسسٹنٹ) اور ڈاکٹر شاداب شمیم (پروجیکٹ اسسٹنٹ) وغیرہ بھی موجود رہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande