نئی دہلی، 9 جون (ہ س)۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر کے سرحدی اضلاع میں پاکستانی گولہ باری سے تباہ ہونے والے مکانات کے لیے اضافی معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ اس اعلان کے تحت مکمل طور پر تباہ ہونے والے ہر گھر کے لیے 2 لاکھ روپے اور جزوی طور پر تباہ ہونے والے ہر گھر کے لیے ایک لاکھ روپے کا اضافی معاوضہ دیا جائے گا۔
وزارت داخلہ نے پیر کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے فوری کارروائی کو یقینی بنایا ہے اور وزارت داخلہ سے 2060 مکانات کے لیے 25 کروڑ روپے کا اضافی بندوبست کیا ہے۔ یہ معاوضہ جموں و کشمیر اور پنجاب کے سرحدی علاقوں میں تباہ ہونے والے مکانات کے لیے دیا جائے گا۔
گزشتہ ہفتے جموں و کشمیر کے اپنے دورے کے دوران اپنے خطاب میں، وزیر اعظم مودی نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہونے، ان کے لیے مسلسل امداد کو یقینی بنانے، اور ان کے گھروں اور زندگیوں کی تعمیر نو میں مدد کرنے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے 29-30 مئی کو پونچھ کا دورہ کیا تھا اور سرحد پار فائرنگ میں اپنی جانیں گنوانے والے متاثرین کے لواحقین کو ہمدردی کی بنیاد پر تقرری لیٹر سونپے تھے۔وزارت کے مطابق، انتظامیہ نے حالات کا اندازہ لگانے اور موثر ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے فعال اقدامات کیے ہیں۔ سرحدی اضلاع سے کل 3.25 لاکھ افراد کو نکالا گیا، جن میں سے تقریباً 15,000 افراد کو تقریباً 397 شیلٹر شیڈز/رہائشی مراکز میں رکھا گیا ہے جو خوراک، پانی، صحت کی دیکھ بھال، بجلی وغیرہ جیسی سہولیات سے آراستہ ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan