ممبئی، 23 جون (ہ س)۔ ممبئی کے علاقے گورگاؤں میں
واقع دادا صاحب پھالکے چتر نگری میں پیر کی صبح ایک ٹی وی سیریل کے سیٹ پر لگی شدید
آگ نے فلم سٹی میں سنسنی پھیلا دی۔ اگرچہ کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم آل
انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے واقعے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے مکمل عدالتی
تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق آگ صبح 6:10 بجے
انوپما اسٹوڈیو میں لگی۔ ابتدا میں یہ بجلی کی تنصیبات تک محدود رہی، لیکن جلد ہی
پھیل کر 5,000 مربع فٹ رقبے میں بجلی کا نظام، پلاسٹک کا سامان، آرائشی اشیاء، کیمرے،
کپڑے، روشنی کے ساز و سامان اور دیگر قیمتی اشیاء کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
فائر بریگیڈ کے چار انجن موقع پر روانہ
کیے گئے جنہوں نے تقریباً چار گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد صبح 10:15 بجے آگ پر
مکمل قابو پایا۔
واقعے کے وقت سیٹ پر شوٹنگ کی تیاری
جاری تھی اور متعدد کارکن اور عملے کے افراد وہاں موجود تھے۔ آگ نے پورا سیٹ تباہ
کر دیا لیکن خوش قسمتی سے کوئی زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔
آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن نے ایکس
اکاؤنٹ پر اس واقعہ کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آگ صبح 7 بجے شروع ہونے والی
شوٹنگ سے پہلے لگی، جس کے باعث بڑی تباہی ٹل گئی۔
تنظیم کے صدر سریش شیام لال گپتا نے
کہا کہ اگر بروقت کارروائی نہ ہوتی تو یہ واقعہ انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتا
تھا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس سے اپیل کی کہ وہ واقعے کی عدالتی سطح پر
مکمل تفتیش کے احکامات جاری کریں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / خان این اے