اورنگ آباد ، یکم جولائی (ہ س)اورنگ
آباد ضلع میں یکم جولائی سے 30 ستمبر تک مالی خواندگی بڑھانے کی ایک خصوصی مہم کا
آغاز کیا جا رہا ہے، جو وزارت خزانہ، حکومت ہند کے مالیاتی خدمات محکمہ کی ہدایت
کے مطابق چلائی جائے گی۔ اس مہم کو گرام پنچایت سطح پر مختلف بینکوں کے ذریعے نافذ
کیا جائے گا، جس میں خواتین، بزرگوں اور معاشی طور پر کمزور طبقات کو مالیاتی شعور
دینے پر خاص توجہ دی جائے گی۔
اس مہم کے ذریعے پردھان منتری جن دھن یوجنا
کے تحت نئے کھاتے کھولنے، کے وائی سی دستاویزات کی تکمیل، ڈیجیٹل لین دین کی تربیت،
قرض لینے کے اصول، مالی دھوکہ دہی سے بچاؤ کی تدابیر اور مختلف سماجی تحفظ اسکیموں
جیسے پردھان منتری جیون جیوتی بیمہ یوجنا، پردھان منتری سرکشا بیمہ یوجنا اور اٹل
پنشن یوجنا کی رجسٹریشن پر زور دیا جائے گا۔
ضلع کے تمام بینک، خواہ وہ قومی، نجی،
دیہی یا ضلعی کوآپریٹو ہوں، اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔ یہ مہم مختلف گاؤں
میں بیداری کیمپ، تشہیری دورے اور آگاہی پر مبنی سرگرمیوں کے ذریعے عوام تک پہنچائی
جائے گی، بالخصوص ان دیہی و دوردراز علاقوں میں جہاں مالیاتی خدمات کی رسائی محدود
ہے۔
ضلع کی عوام، سیلف ہیلپ گروپس، گاؤں کی
سطح کے افسران اور پنچایت کے نمائندوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس مالیاتی بیداری
مہم میں فعال طور پر شریک ہوں۔ مزید معلومات کے لیے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ قریبی
بینک برانچ یا ضلع لیڈ بینک منیجر کے دفتر اورنگ آباد سے رابطہ کریں۔
یہ پوری مہم ضلع کلکٹر دلیپ سوامی اور
ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر انکت کی نگرانی میں جاری رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / خان این اے