سوشل میڈیا پر کنڈکٹر کی ویڈیو وائرل، بس ضبط۔
جموں، 23 جون (ہ س)۔ بٹوت کشتواڑ نیشنل ہائی وے پر ایک بس کنڈکٹر کی جانب سے چلتی بس کے دروازے سے لٹک کر خطرناک کرتب دکھانے کی ویڈیو گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس نے عوامی حلقوں میں شدید تشویش اور غم و غصے کو جنم دیا۔ یہ غیر ذمہ دارانہ حرکت نہ صرف کنڈکٹر کی جان کے لیے خطرہ تھی بلکہ دیگر مسافروں اور سڑک پر چلنے والوں کی سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرہ ثابت ہو سکتی تھی۔
معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر ڈوڈہ، ابرار احمد کریئپاک نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ویڈیو میں نظر آنے والی بس کو ضبط کر لیا۔ بس زیر نمبرجے کے 06 سی 2939 سینو تا ڈوڈہ روٹ پر چل رہی تھی۔ بس کو پولیس اسٹیشن ٹھاٹھری میں تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور عوامی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایسے واقعات پر زیرو ٹالرنس اپنایا جائے گا تاکہ سڑکوں پر نظم و ضبط اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر