پاکستانی ایجنسیوں کے ہنی ٹریپ میں پھنسا تھانے کا انجینئر رویندر ورما
ممبئی، 02 جون (ہ
س)۔ تھانے کے کلوا علاقے میں رہنے والے 27
سالہ جونیئر انجینئر رویندر ورما کو مہاراشٹر اے ٹی ایس نے بھارتی بحریہ کے
جہازوں اور آبدوزوں سے متعلق حساس معلومات پاکستانی انٹیلی جنس اہلکار کو فراہم
کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ عدالت نے پیر کے روز اسے 5 جون تک پولیس تحویل میں
بھیج دیا۔
ایک دفاعی ٹیکنالوجی کمپنی میں
ملازم ورما ممبئی اور ملحقہ علاقوں میں نیول ڈاکیارڈ سمیت حساس تنصیبات تک رسائی
رکھتا تھا۔ تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق، نومبر 2024 سے مارچ 2025 تک وہ سوشل میڈیا
کے ذریعے پاکستانی انٹیلی جنس آپریٹو کے ساتھ رابطے میں رہا اور واٹس ایپ پر خفیہ
معلومات فراہم کرتا رہا۔
اے ٹی ایس حکام کے مطابق رویندر ورما
کو فیس بک کے ذریعہ ہنی ٹریپ میں مبتلا کیا گیا۔ بعد ازاں اس نے جنگی جہازوں اور
آبدوزوں کی معلومات، خاکے اور آڈیو نوٹسز کی صورت میں پاکستانی ایجنسی کو ارسال کیں۔
تفتیش میں پتہ چلا کہ ورما نے اس کے
بدلے مختلف بینک کھاتوں کے ذریعے متعدد بار رقوم حاصل کیں، جو ملک اور بیرون ملک
سے بھیجی گئیں۔
پیر کو جب ابتدائی ریمانڈ کی مدت مکمل
ہوئی تو ورما کو تھانے شہر کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے 5 جون تک اس
کے ریمانڈ میں توسیع کی منظوری دی۔
اس کے خلاف آفیشل سیکرٹس ایکٹ کی دفعہ
3 اور بھارتیہ نیا سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 61 (2) کے تحت جاسوسی اور مجرمانہ
سازش کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان