پاکستان کے خلاف دنیا کا دورہ کرکے ابھیشیک بنرجی وطن واپس پہنچے، وزیر خارجہ کی میٹنگ سے دوری بنائی
کولکاتا، 4 جون (ہ س)۔ ترنمول کانگریس کے رہنما اور رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی پاکستان کے خلاف غیر ملکی دوروں کا سلسلہ مکمل کرنے کے بعد رات کو وطن واپس پہنچ گئے۔ ہندوستان نے سات نمائندہ وفود بھیجے تھے۔ اس کا مقصد پاکستان کے خلاف ہندوستان کے عالمی موقف کو مضبوطی سے پیش کرنا تھا۔ ابھیشیک بنرجی بھی اس وفد کا حصہ تھے۔ انہوں نے جاپان، جنوبی کوریا، سنگاپور، انڈونیشیا اور ملیشیا کا دورہ کیا۔
ابھیشیک منگل کی رات تقریباً 12.15 بجے کولکاتا ایئرپورٹ پہنچے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ 15 دنوں میں انہوں نے پانچ ممالک کا دورہ کیا جس کا مقصد ہندوستان کے پیغام کو بین الاقوامی سطح تک پہنچانا تھا۔ اس دوران دہشت گردی اور مقبوضہ کشمیر جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ ایس جے شنکر بدھ کو اس وفد کے تمام ارکان سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ ابھیشیک نے بتایا ہے کہ وہ پہلے سے طے شدہ پروگراموں کا حوالہ دیتے ہوئے اس میٹنگ میں شرکت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس بارے میں وزارت خارجہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ وہ اپنی رائے تحریری طور پر حکومت کو بھیجیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ ’آپریشن سندور‘ اور ہندوستان پاکستان تنازعہ کے بعد مرکز نے بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی پوزیشن واضح کرنے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے نمائندوں کو بھیجا تھا۔ شروع میں مرکزی حکومت نے کانگریس کے رکن اسمبلی یوسف پٹھان کا نام بھیجا تھا، لیکن ترنمول کانگریس کی صدر ممتا بنرجی نے اس پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی خود فیصلہ کرے گی کہ کون جائے گا۔ اس کے بعد مرکزی وزیر کرن رجیجو نے ممتا بنرجی سے رابطہ کیا اور ان کی طرف سے تجویز کردہ نام بھیجنے کی درخواست کی۔ ترنمول کانگریس نے یوسف پٹھان کے بجائے ابھیشیک بنرجی کا نام بھیجا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن