سابق وزیر آنجہانی ارون جیٹلی کی اہلیہ نے ریلوے وزیر سے ملاقات کی
سابق وزیر آنجہانی ارون جیٹلی کی اہلیہ نے ریلوے وزیر سے ملاقات کی جموں، 4 جون (ہ س)۔ سابق مرکزی وزیر خزانہ آنجہانی ارون جیٹلی کی اہلیہ سنگیتا ارون جیٹلی نے مرکزی وزیر برائے ریلوے، مواصلات اور الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی اشونی ویشنو سے ملاقات کی
Railway


سابق وزیر آنجہانی ارون جیٹلی کی اہلیہ نے ریلوے وزیر سے ملاقات کی

جموں، 4 جون (ہ س)۔ سابق مرکزی وزیر خزانہ آنجہانی ارون جیٹلی کی اہلیہ سنگیتا ارون جیٹلی نے مرکزی وزیر برائے ریلوے، مواصلات اور الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی اشونی ویشنو سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں انہوں نے جموں و کشمیر کے عوام کو درپیش اہم مسائل، بالخصوص ٹرانسپورٹ سہولیات اور ثقافتی نمائندگی سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی۔

سنگیتا جیٹلی نے جموں سے ممبئی کے درمیان محدود ریلوے سروس پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹرین سروس فی الوقت ہفتے میں صرف چار روز چلتی ہے، جو کہ ممبئی اور گردونواح میں مقیم جموں و کشمیر کے باشندوں کی ضروریات کے لیے ناکافی ہے۔ انہوں نے اس سروس کو روزانہ کی بنیاد پر چلانے کا پُرزور مطالبہ کیا تاکہ عوام کو بہتر اور مستقل سفری سہولت میسر ہو۔

انہوں نے معاشی طور پر کمزور طبقے کے لیے ’غریب رتھ‘ جیسی کم کرایہ والی ایکسپریس ٹرین کے آغاز کی بھی سفارش کی تاکہ ہر طبقے کو باعزت، محفوظ اور سستی سفری سہولت دستیاب ہو سکے۔

آپریشن سندور کے دوران پروازوں کی منسوخی اور ٹرین سروس کی بندش کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس صورتحال نے جموں کے عوام، خصوصاً ان خاندانوں کو شدید اضطراب میں مبتلا کیا جن کے عزیز و اقارب ملک کے دیگر حصوں میں مقیم تھے۔ انہوں نے ایسے حالات کے لیے متبادل نقل و حمل اور ہنگامی منصوبہ بندی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

اس موقع پر سنگیتا جیٹلی نے ممبئی میں قائم ’ڈوگرہ سماج ٹرسٹ‘ کی سرپرست ندھی ڈوگرہ کی جانب سے ایک یادداشت بھی مرکزی وزیر کو پیش کی، جس میں بیرون ریاست مقیم ڈوگرہ برادری کی تشویشات، بہتر رابطے، اور ثقافتی نمائندگی کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔

مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے تمام امور کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل کو متعلقہ محکموں کے ساتھ سنجیدگی سے اٹھایا جائے گا اور عوامی مفاد میں مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande