جے این میڈیکل کالج میں ’’ایڈوانسڈ پین انٹروینشن“ پر سی ایم ای اور ورکشاپ منعقد
علی گڑھ, 2 جون (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ اینستھیسیولوجی نے انڈین سوسائٹی فار اسٹڈی آف پین (آئی ایس ایس پی) کی علی گڑھ شاخ کے اشتراک سے ”ٹارگیٹڈ ریڈیو فریکوئنسی لیزننگ برائے ٹرائی جیمنل نیورلجیا
جے این میڈیکل کالج میں سی ایم ای


علی گڑھ, 2 جون (ہ س)۔

جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ اینستھیسیولوجی نے انڈین سوسائٹی فار اسٹڈی آف پین (آئی ایس ایس پی) کی علی گڑھ شاخ کے اشتراک سے ”ٹارگیٹڈ ریڈیو فریکوئنسی لیزننگ برائے ٹرائی جیمنل نیورلجیا اور چہرے کے دیگر نقائص کے علاج“ کے موضوع پر ایک سی ایم ای اور ورکشاپ منعقد کی جس میں چہرے کے درد کے علاج سے تعلق رکھنے والے ملک کے ممتاز ماہرین نے شرکت کی۔

تقریب کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے ریسورس پرسنز کو یادگاری نشان پیش کئے اور نوجوان معالجین کی تربیت میں ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے شعبہ اینستھیسیولوجی کے اولین نیوز لیٹر ”وائٹل کنیکشنز“ کے طبع شدہ اور ڈجیٹل دونوں ایڈیشنوں کا اجراء کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے شعبہ کی تعلیمی فضیلت اور مریضوں کی نگہداشت کے جذبے کو سراہتے ہوئے جے این میڈیکل کالج واسپتال میں صحت خدمات کی بلندکاری میں یونیورسٹی انتظامیہ کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

ایمس کے سابق فیکلٹی ممبر پروفیسر وی کے موہن، کنسلٹنٹ، ای ایس آئی اسپتال، نئی دہلی نے اسفینوپلاٹائن اور گیسریئن گینگلیا کی اناٹومی اور فلورو اناٹومی پر بصیرت افروز لیکچر دیا اور جدید طریق ہائے علاج کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔

پروفیسر پردیپ جین، سینئر کنسلٹنٹ، سر گنگا رام اسپتال، نئی دہلی نے چہرے کے درد کے علاج میں ریڈیو فریکوئنسی لیزننگ کے ابھرتے ہوئے کردار پر گفتگو کی۔

آئی ایس ایس پی کے قومی سکریٹری اور ڈاکٹر رام منوہر لوہیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، لکھنؤ کے پین و اسپائن فزیشیئن پروفیسر انوراگ اگروال نے چہرے کے درد کے جدید طریق ہائے علاج پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اے ایم یو کا شکریہ ادا کیا اور آئی ایس ایس پی کے ساتھ اشتراک کو سراہا۔

جے این میڈیکل کالج و اسپتال کے پرنسپل و سی ایم ایس اور فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر ایم حبیب رضا نے چہرے کے شدید درد کی بروقت تشخیص اور فوری علاج کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

پروگرام کا آغاز صدر شعبہ اور آرگنائزنگ چیئرپرسن پروفیسر حماد عثمانی کے خیرمقدمی کلمات سے ہوا، جس کے بعد ڈاکٹر نازیہ توحید کی نظامت میں اکیڈمک سیشن منعقد ہوئے۔ آخر میں آرگنائزنگ سکریٹری پروفیسر سید حسین عامر نے اظہار تشکر کیا۔

ورکشاپ کے دوران ریڈیو فریکوئنسی لیزننگ اور اس سے متعلقہ طریقہ علاج کا پین کلینک کے سات مریضوں پر لائیو ڈیمونسٹریشن کیا گیا

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande