فوج نے پونچھ ضلع کے سرحدی گاوں میں مورٹار گولوں کو ناکارہ بنایا
فوج نے پونچھ ضلع کے سرحدی گاوں میں مورٹار گولوں کو ناکارہ بنایا جموں، 2 جون (ہ س)۔ لائن آف کنٹرول سے متصل ضلع پونچھ کے سرحدی گاوں میں بھارتی فوج نے 67 غیر پھٹے گولوں کو کامیابی سے ناکارہ بنا کر ایک بڑی ممکنہ تباہی کو ٹال دیا ہے۔ یہ کارروائیاں چجلا،
Mortor shell


فوج نے پونچھ ضلع کے سرحدی گاوں میں مورٹار گولوں کو ناکارہ بنایا

جموں، 2 جون (ہ س)۔ لائن آف کنٹرول سے متصل ضلع پونچھ کے سرحدی گاوں میں بھارتی فوج نے 67 غیر پھٹے گولوں کو کامیابی سے ناکارہ بنا کر ایک بڑی ممکنہ تباہی کو ٹال دیا ہے۔ یہ کارروائیاں چجلا، جھولاس، مینڈھر، منکوٹ اور لوئر کرشنا گھاٹی کے علاقوں میں انجام دی گئیں، جہاں حالیہ دنوں میں پاکستانی افواج کی جانب سے کی گئی شیلنگ کے بعد یہ خطرناک گولے زمین میں موجود تھے۔

فوج کے ترجمان نے بتایا کہ 7 سے 10 مئی کے دوران دشمن کی طرف سے کی گئی شدید شیلنگ کے بعد متعدد دیہات میں جابجا غیر پھٹے گولے پائے گئے، جو نہ صرف مقامی آبادی بلکہ ان کے مال مویشی اور کھیت کھلیان کے لیے بھی سنگین خطرہ بنے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فوج نے ان بارودی مواد کی تلاش اور ناکارہ بنانے کا عمل انتہائی منظم اور احتیاط کے ساتھ انجام دیا۔ کارروائی سے قبل متعلقہ علاقوں کو مکمل طور پر سیل کیا گیا، شہریوں کو عارضی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، اور پھر تربیت یافتہ ماہرین نے کنٹرولڈ دھماکوں کے ذریعے ان گولوں کو ناکارہ بنایا۔

ترجمان کے مطابق یہ مہم فوج کی اس جامع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد جنگی حالات کے بعد متاثرہ علاقوں کو بارودی خطرات سے پاک کرنا اور عام شہریوں کی زندگی کو محفوظ بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں صفائی کا عمل ہنوز جاری ہے اور جہاں بھی شیلنگ کے آثار موجود ہیں، وہاں گولہ بارود کی تلاش اور تلفی کا کام ترجیحی بنیادوں پر انجام دیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ فوج نہ صرف دشمن کی کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کے لیے تیار ہے بلکہ جنگی باقیات سے پیدا ہونے والے خطرات کے ازالے کے لیے بھی ہمہ وقت سرگرم ہے۔

مقامی باشندوں نے فوج کی بروقت کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک بڑی راحت قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ غیر پھٹے گولے ان کی روزمرہ زندگی کے لیے مسلسل خطرہ بنے ہوئے تھے، جن کا خاتمہ فوج کی انتھک کوششوں سے ممکن ہوا۔ فوج نے یقین دلایا ہے کہ سرحدی علاقوں کو مکمل طور پر محفوظ بنانے تک یہ مہم جاری رہے گی تاکہ کسی بھی قسم کے جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande