مدھیہ پردیش کے جھابوا میں سیمنٹ سے بھرا ٹرالا وین پر الٹ گیا، نو افراد ہلاک
مدھیہ پردیش کے جھابوا میں سیمنٹ سے بھرا ٹرالا وین پر الٹ گیا، نو افراد ہلاک جھابوا، 4 جون (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے جھابوا ضلع میں تھاندلا-میگھ نگر کے درمیان سنجیلی ریلوے کراسنگ کے قریب ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ یہاں سیمنٹ سے بھرا ٹرالا بے قابو ہو
مدھیہ پردیش کے جھابوا میں حادثے کے بعد وین کی تصویر


مدھیہ پردیش کے جھابوا میں سیمنٹ سے بھرا ٹرالا وین پر الٹ گیا، نو افراد ہلاک

جھابوا، 4 جون (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے جھابوا ضلع میں تھاندلا-میگھ نگر کے درمیان سنجیلی ریلوے کراسنگ کے قریب ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ یہاں سیمنٹ سے بھرا ٹرالا بے قابو ہو کر اومنی وین پر الٹ گیا۔ اس حادثے میں وین میں سوار نو افراد کی موت ہو گئی، جب کہ پانچ سالہ بچہ سمیت دو افراد شدید زخمی ہو گئے، جنہیں قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں چار بچے، تین خواتین اور دو مرد شامل ہیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر متوفیان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا کر جانچ شروع کر دی ہے۔

پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق میگھ نگر تحصیل کے شیو گڑھ مہوڑا کے دو خاندان منگل کی رات جھابوا میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد ایک وین میں اپنے گاوں واپس آرہے تھے۔ یہ حادثہ صبح تقریباً تین بجے بھاوپورہ گاوں کے قریب پیش آیا۔ یہاں راجستھان سے سیمنٹ لیکر آرہا ٹرالا بے قابو ہو کر وین پر الٹ گیا۔ اطلاع ملنے پر تھاندلا اور میگھ نگر پولیس کی ٹیمیں ایمبولینسوں کے ساتھ موقع پر پہنچیں۔ سبھی کو تھاندلا سول اسپتال اور میگھ نگر اسپتال لے جایا گیا۔

جھابوا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ پدم ولوچن شکلا نے بتایا کہ میگھ نگر کے بھاوپورہ گاوں میں زیر تعمیر اوور برج کے قریب سیمنٹ سے بھرا ٹرالا بے قابو ہو کر ایک اومنی وین پر الٹ گیا۔ وین ٹرالا کے نیچے دب کر بری طرح تباہ ہو گئی۔ حادثے کے وقت وین میں دو خاندانوں کے گیارہ افراد سوار تھے جن میں سے نو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کے بعد ٹرالا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے کیس درج کرکے حادثے کی جانچ شروع کردی ہے۔

پولیس کے مطابق مرنے والوں کی شناخت مکیش کھپیڑ (40) ولد گوپال کھپیڑ، مکیش کی بیوی ساولی کھپیڑ (35)، بیٹا ونود (16)، بیٹی پائل (12)، مڑھی بمنیا (38) بیوی بھارو بمنیا، وجے بمنیا (14) ولد بھارو بمنیا، کانتا (14) ولد بھارو بمنیا، راگنی بمنیا (9) بیٹی بھارو بمنیا اور اکلی پرمار (35) بیوی سوملا پرمار کے طور پر ہوئی ہے، جب کہ حادثے میں پائل پرمار (19) اور پانچ سالہ آشو بمنیا زخمی ہیں اور ان کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande