علی گڑھ, 2 جون (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے احمدی اسکول برائے نابینا طلبہ نے عالمی یوم ماحولیات کی مناسبت سے 28 مئی تا 2 جون ایک ہفتہ طویل بیداری مہم کا اہتمام کیا، جس کے تحت متعدد سرگرمیاں انجام پائیں۔
اسکول کی پرنسپل ڈاکٹر نائلہ راشد نے اس موقع پر کہا کہ ماحولیات کے تحفظ اور پائیدار مستقبل کی ضمانت کی خاطر ہر فرد کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔
پی جی ٹی فزکس، محترمہ ندرت جہاں نے پلاسٹک کی آلودگی کے مہلک اثرات بیان کئے اور اس مسئلے کے فوری تدارک کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے قابل عمل اور پائیدار تجاویز پیش کیں جنہیں روزمرہ کی زندگی میں اپنا کر پلاسٹک کے استعمال میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
اس مہم کے دوران اساتذہ، غیر تدریسی عملے کے اراکین اور طلبہ نے اجتماعی طور سے پلاسٹک سے اجتناب کرنے اور ایک صاف ستھرا، سرسبز و شاداب کرہ ارض بنانے میں فعال کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔
ہفت روزہ مہم میں بصارت سے محروم طلبہ نے اپنے اساتذہ کی رہنمائی میں پلاسٹک آلودگی کے نقصانات اور اس کے متبادل حل پیش کرنے والے معلوماتی چارٹ اور تخلیقی ماڈلز تیار کیے، جنھیں سبھی نے سراہا اور طلبہ کو ان کی محنت کے لئے مبارکباد دی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ