غازی آباد میں تھانے کے سامنے نوجوان کا گولی مار کر قتل ،تھانہ انچارج اور دو انسپکٹر معطل
نوجوان اپنے بھائی کے ساتھ مارپیٹ کی شکایت کرنے جا رہا تھا۔ غازی آباد، 19 جون (ہ س)۔اتر پردیش کے غازی آباد میں مارپیٹ کی شکایت کرنے جا رہے ایک نوجوان کو بدھ-جمعرات کی درمیانی رات مراد نگر تھانے پہنچنے پر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ مشتعل افراد نے
کرائم


نوجوان اپنے بھائی کے ساتھ مارپیٹ کی شکایت کرنے جا رہا تھا۔

غازی آباد، 19 جون (ہ س)۔اتر پردیش کے غازی آباد میں مارپیٹ کی شکایت کرنے جا رہے ایک نوجوان کو بدھ-جمعرات کی درمیانی رات مراد نگر تھانے پہنچنے پر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ مشتعل افراد نے تھانے کے سامنے ہنگامہ کیا۔ سابق ایم ایل اے امرپال شرما بھی موقع پر پہنچ گئے۔

واقعہ کے مطابق بدھ کی رات 10 بجے روی شرما اور اجے مونٹی کے درمیان کار کو سڑک سے ہٹانے پر جھگڑا ہوا۔ اس کے بعد اجے مونٹی نے روی شرما کے گھر میں گھس کر ان کی پٹائی کی۔ جس کے بعد روی شرما اپنے بھائی کے ساتھ مراد نگر پولیس اسٹیشن جا رہا تھا کہ وہ مارپیٹ کی شکایت کرے۔ جب وہ تھانے کے سامنے پہنچا تو ملزم وہاں پہنچ گیا اور اس پر گولیاں برسادیں۔ جس کے بعد وہ شدید زخمی ہوگیا۔ روی شرما چار گولیاں لگنے سے خون میں لت پت زمین پر گر گئے۔ فائرنگ کرنے والا ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔ اسے فوری طور پر نجی اسپتال لے جایا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔ اس دوران متوفی کے اہل خانہ اور دیگر لوگ تھانے کے سامنے جمع ہوگئے اور ہنگامہ کیا۔ پولیس نے لوگوں کو پرسکون کیا۔

متوفی نوجوان روی شرما ملک راولی کا رہنے والا ہے۔ ڈی سی پی رورل ایس این تیواری کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

اس دوران مراد نگر تھانے کے سامنے نوجوان کو گولی مارنے کے معاملے میں تھانہ انچارج اور دو انسپکٹر کومعطل کردیا گیا ہے۔

پولس کمشنریٹ نے اس سلسلے میں ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پولس کمشنر نے مراد نگر تھانہ انچارج شیلیندر سنگھ تومر، نائٹ آفیسر سب انسپکٹر سبے سنگھ اور بیٹ انچارج سب انسپکٹر موہت سنگھ کو معطل کر دیا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande