نئی دہلی ،19جون (ہ س )۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ اور اسکول آف پلاننگ اینڈ آرکی ٹیچکر(ایس پی اے) دہلی نے شہری منصوبہ بندی اور شہری ڈیزائن کے میدان میں ترقی یافتہ تحقیق و تربیت کے فروغ کے لیے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے۔پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی،مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ اور پروفیسر وی۔کے۔پال،ڈائریکٹر،اسکول آف پلاننگ،دہلی نے اپنے اداروں کی جانب سے مفاہمت نامے پر دستخط کیے۔مفاہمت نامے کی تقریب میں پروفیسر حنا ضیا، صدر شعبہ منصوبہ بندی، پروفیسر نثار خان،شعبہ آرکی ٹیکچر اور پروفیسر صائمہ سعید،افسر اعلی تعلقات عامہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ موجود رہے۔
اس اشتراک پر اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے شیخ الجامعہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ پروفیسر مظہر آصف نے کہاکہ ”دو اہم اداروں کے درمیان اس اشتراک سے ترقی یافتہ بھارت کے وڑن اور مشن کے حصول میں مددملے گی۔انھوں نے زور دے کر کہاکہ یہ دونوں ادارے خاص طور سے ہندوساتنی علمی نظام کے متعلق ترقی یافتہ تحقیق پر توجہ مرکوز کریں گے تاکہ ہمارے شہروں کو مزید پرکشش اور جان دار بنایا جاسکے۔انھوں نے مزید کہاکہ اشتراک سے شہری منصوبہ بندی اور شہری ڈیزائن کے میدان میں نئے در واہوں گے اوراس کے ساتھ ساتھ انتہائی مخصوص شعبے میں اعلی معیار کی تدریس و تحقیق کے لیے منبع و سرچشمہ ثابت ہوگا۔“
پروفیسر وی۔کے۔پال،ڈائریکٹر،اسکول آف پلاننگ اینڈ آرکی ٹیکچر،دہلی نے کہا کہ ”ہندوستان بہت تیزی سے شہری ہورہاہے اور یہ کہ شہر دیہی علاقوں کے لوگوں کی امنگوں اور توقعات کی منزل ہیں۔
ہمارے منفر د ملک کی ترقی کے سفر کو آسان بنانے کے لیے جس کے پاس غیر معمولی امکانات اور پائے دار ترقی اور بہبود کے طرف لے جانے کی غیر معمولی صلاحیت ہے یہ بتاتے ہوئے انھوں نے دو اعلی اداروں کے درمیان تحقیقی و علمی اشتراک کی اہمیت اجاگرکیا۔پروفیسر پال نے مزید کہاکہ اس مفاہمت نامے کے تحت ایس پی اے اور جامعہ کے سینٹر آف ایکسیلینس تمام لوگوں کے لیے پائے دار ترقی کے ہدف کو پانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔
پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی،مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے کہاکہ ’اس اشتراک سے تحقیقی مطالعات، سمینار،تربیتی پروگرام اور مشترکہ تحقیق کاوشوں میں مدد ملے گی جن سے صرف دونوں اداروں کے طلبہ اور فیکلٹی اراکین کو فائدہ نہیں ہوگا بلکہ ہمارے شہروں کو مزید لچک دار اور زیادہ اسمارٹ بنانے میں مقامی عہدیداروں اور عمل در آمد کرنے والی ایجنسیوں کی بھی مدد ہوگی۔
واضح ہوکہ اسکول آف پلاننگ ایک قومی اہمیت کا ادارہ ہے اور حکومت ہند نے ایس پی اے میں شہری منصوبہ بندی اور ڈیزائن میں ایک سینٹر آف ایکسیلینس بنایاہے جس کا مقصد شہری منصوبہ بندی اور شہری ڈیزائن میں ہند مخصوص معلومات کا فروغ اور ان شعبوں میں مصدقہ تربیت فراہم کرنا ہے۔ ایس پی اے اور مرکزی یونیورسٹی اور این آئی آر ایف رینکنگ میں تیسرے مقام پر آنے والی یونیورسٹی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے درمیان یہ مفاہمت نامہ شہروں اور دیہاتوں میں شہری منصوبہ بندی اور شہری ڈیزائن متعلقہ مسائل کو سیاق و سباق سے حل کرنے کے لیے پائے دار، لچک دار،نیٹ زیرو اور کم کاربن سولیوشن پر ایک ماہرانہ رائے تیار کرکے پیش کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais