نئی دہلی، 14 جون (ہ س)۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے غازی پور منڈی اور آس پاس کے علاقوں میں سرگرم ایک منظم جبراً وصولی کرنے والے گروہ کے تین ارکان کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت رویندر شرما، پون کمار اور مشتاق علی کے طور پر ہوئی ہے۔ ان کے قبضے سے تین دیسی ساختہ پستول، تین زندہ کارتوس، ایک سوئفٹ، ایک بریزا کار اور ایک اسکوٹی برآمد ہوئی ہے۔
کرائم برانچ کے ڈی سی پی ہرش اندورا نے بتایا کہ خفیہ اطلاع ملی تھی کہ گینگ کے ارکان نجف گڑھ اور دوارکا علاقوں میں واردات انجام دینے آ رہے ہیں۔ اطلاع کی تصدیق کے بعد انسپکٹر کرشنا کمار کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس ٹیم نے کاکرولا نالے کے قریب جال بچھا کر رویندر شرما کو ایک سوئفٹ کار کے ساتھ گرفتار کرلیا۔
پوچھ گچھ میں پتہ چلا کہ اس گینگ کا ماسٹر مائنڈ پون کمار ہے جو تاجروں اور ٹرانسپورٹروں سے رقم بٹورتا تھا۔گینگ کے ارکان آن لائن ادائیگی، نقدی اور دھمکیوں کے ذریعہ رنگداری صول کرتے تھے۔ پون کمار اور مشتاق علی نے مل کر گینگ میں بہت سے لوگوں کو شامل کیا اور میوات سے اسلحہ حاصل کرکے ان میں تقسیم کیا۔
یہ گروہ رات کے وقت جانوروں کے مویشی کاروباریوںکی گاڑیوں کو روک کر ان سے اسلحہ کی نوک پر جبراً وصولی کرتا تھا۔ کئی بار جب تاجروں کے پاس نقد رقم نہیں ہوتی تھی، تو ان کے بینک کھاتوں سے آن لائن ٹرانسفر کرکے رقم وصولی جاتی تھی۔رویندر شرما کی طرف سے دی گئی اطلاع پر پولیس نے دیگر دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد