نئی دہلی، 30 جون (ہ س)۔سینٹرل ضلع کے تھانہ جامع مسجد نے اتوار کے روز ایک جیب کترے کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ ملزم کی شناخت چاوڑی بازار کے رہائشی مونیش عرف سلمان کے طور پر ہوئی ہے جو اس سے قبل بھی چوری،سامان چھیننے اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
سینٹرل ضلع کے ڈی سی پی ندھن والسن نے بتایا کہ یہ واقعہ اتوار کو جامع مسجد کے قریب ہفتہ وار بازار میں پیش آیا، جہاں کسی نے راجستھان کے ایک نوجوان کا موبائل فون اس کی جیب سے چوری کر لیا۔ نوجوانوں نے فوری طور پر پولیس کی گشتی ٹیم کو اطلاع دی۔ پولیس ٹیم نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی مہم شروع کی اور کچھ ہی دیر میں ایک نوجوان کو شک کی بنیاد پر پکڑ لیا گیا۔
تفتیش میں پتہ چلا کہ اس کے پاس وہی موبائل فون ہے جس کے بارے میں متاثرہ نے شکایت کی تھی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ جانچ میں پتہ چلا کہ ملزم مونیش کے خلاف دہلی کے مختلف تھانوں میں کل 12 معاملے درج ہیں۔ ان میں چاندنی محل تھانہ، کشمیری گیٹ، دریا گنج، حوض قاضی اور کوتوالی شامل ہیں۔ اس پر چوری،سامان چھیننے اور اسلحہ رکھنے جیسے سنگین جرائم کا بھی الزام ہے۔
پولیس نے بتایا کہ اس گرفتاری سے چوری کے تین معاملات حل ہو گئے ہیں۔ ملزم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد