نئی دہلی، 14 جون (ہ س)۔ جنوبی مغربی ضلع کے وسنت کنج جنوبی پولیس نے واقعہ کے چار دن بعد ہٹ اینڈ رن کیس میں ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ ضلع کے ڈی سی پی امت گوئل نے بتایا کہ پولیس نے شیو مورتی، نئی دہلی اور این ایچ 8 پر افکو چوک کے درمیان نصب سینکڑوں سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کو دیکھنے کے بعد جسولا کے علاقے سے اسے پکڑا۔ اس کے پاس سے حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
ملزم کی شناخت کرناٹک کے رہنے والے بی جنیندر جین کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق، 7 جون کو صبح 10 بجے، این ایچ 8 پر شیو مورتی کے قریب ایک کار کو نامعلوم گاڑی سے ٹکرانے کے بارے میں کال موصول ہوئی۔ زخمی کو فوری طور پر گروگرام کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں سے اسے صفدر جنگ اسپتال ریفر کیا گیا۔ صفدرجنگ میں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت 27 سالہ آشیش کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ تفتیش کے دوران، جائے وقوعہ کے ارد گرد نصب سینکڑوں سی سی ٹی وی فوٹیج کو دیکھ کرکے وہاں سے گزرنے والی گاڑی کی شناخت کی گئی۔ گاڑی ایس مجومدار نامی خاتون کے نام پر رجسٹرڈ تھی۔ پوچھ گچھ کے دوران خاتون نے بتایا کہ حادثے کے وقت اس کا ڈرائیور گاڑی چلا رہا تھا۔ اس کے بعد ڈرائیور کو گرفتار کر کے گاڑی کو ضبط کر لیا گیا۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد