نئی دہلی، 10جون(ہ س)۔دہلی میں ایک بھی جھگی نہیں توڑی جا رہی کا دعویٰ کرنے والی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کا جھوٹ صرف 48 گھنٹوں میں دہلی والوں کے سامنے آ گیا۔ کالکاجی کے بھومی ہین کیمپ میں بدھ کے روز جھگیوں پر بلڈوزر چلانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ پولیس اور سی آر پی ایف نے علاقے کو گھیر لیا ہے اور رہائشیوں کو زبردستی گھروں سے نکالا جا رہا ہے۔ بی جے پی پہلے جھگیاں توڑنے کے لیے عدالت سے آرڈر لاتی ہے اور پھر اس کے پیچھے چھپ کر کہتی ہے کہ عدالت کا حکم ہے۔ منگل کو بھومی ہین کیمپ کے کچھ رہائشیوں کے ساتھ آپ ہیڈکوارٹر پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے دہلی کی سابق وزیر اعلی و قائد حزب اختلاف آتشی نے یہ باتیں کہیں۔دوسری جانب عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے ایکس (ٹوئٹر) پر لکھا کہ بی جے پی نے وعدہ کیا تھا جہاں جھگی، وہاں مکان، لیکن حقیقت یہ ہے کہ جہاں جھگی ہے، وہاں بی جے پی کا بلڈوزر پہنچ رہا ہے۔ بی جے پی کی جہاں جھگی، وہاں بلڈوزر والی سیاست کے خلاف ہم مسلسل آواز بلند کرتے رہیں گے۔ عام آدمی پارٹی اس غیر انسانی، غریب دشمن آمریت کے خلاف ڈٹ کر لڑتی رہے گی۔پریس کانفرنس کے دوران آتشی نے کہا کہ یہ لوگ یہاں پچھلے 20 سے 50 سال سے رہ رہے ہیں، کالکاجی میں کام کرتے ہیں، ان کے بچے یہیں اسکولوں میں پڑھتے ہیں۔ اگر ان کے گھر توڑے گئے تو یہ کہاں جائیں گے؟ افسوسناک بات یہ ہے کہ کیمپ سے محض 500 میٹر دور ڈی ڈی اے کے 3024 فلیٹس ہیں، جن میں سے صرف 1862 الاٹ کیے گئے ہیں۔ باقی فلیٹس جھگی والوں کو کیوں نہیں دیے جا رہے؟ بی جے پی نے وعدہ کیا تھا کہ جہاں جھگی، وہاں مکان، لیکن بھومی ہین کیمپ کے آدھے سے زیادہ لوگوں کو مکان نہیں ملا اور اب بغیر مکان دیے ان کی جھگیاں توڑی جا رہی ہیں۔ آتشی نے کہا کہ ڈی ڈی اے اور دہلی پولیس کی منصوبہ بندی ہے کہ بدھ کو کیمپ میں بلڈوزر چلایا جائے گا۔آتشی نے کہا کہ وزیر اعلی ریکھا گپتا کہتی ہیں کہ عدالت کا حکم ہے، لیکن یہ حکم آیا کیسے؟ جب کیمپ کے لوگ عدالت گئے تو بی جے پی کی ڈی ڈی اے اور دہلی سرکار نے مکان دینے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے عدالت میں فلیٹس کی الاٹمنٹ کی مخالفت کی اور جھگیاں توڑنے کی بات کہی۔ عدالت سے آرڈر بھی بی جے پی کی ڈی ڈی اے، دہلی سرکار اور ڈوسب (دہلی اربن شیلٹر بورڈ) ہی لے کر آئے۔ بی جے پی نے ان غریب جھگی والوں کے خلاف مہنگے وکیل کھڑے کیے اور کہا کہ مکان نہیں دیں گے، جھگیاں توڑیں گے۔ اب دہلی والے بی جے پی کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais