جموں, 12 جون (ہ س)جموں و کشمیر پولیس نے انسداد دہشت گردی کارروائی کے تحت ضلع رام بن کے بانہال علاقے میں پاکستان میں مقیم ایک مفرور دہشت گرد محمد سلیم کی ایک کنال سے زائد زرعی اراضی کو ضبط کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ضبط کی گئی غیر منقولہ جائیداد تحصیل بانہال کے گاؤں ٹیٹھار میں واقع ہے، جسے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 83 کے تحت ضبط کیا گیا۔ محمد سلیم 1992 میں بانہال تھانے میں درج ایک مقدمے میں مطلوب ہے۔ اس پر رنبیر پینل کوڈ اور دہشت گردی و تخریبی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق قانون کے تحت سنگین الزامات عائد ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ محمد سلیم جرم کے بعد سے قانون کی گرفت سے بچنے کی غرض سے روپوش ہے، جس پر عدالت نے اسے باقاعدہ مفرور قرار دیتے ہوئے اس کی جائیداد کی ضبطی کے احکامات جاری کیے۔ یہ کارروائی مجاز مجسٹریٹ کی نگرانی میں انجام دی گئی تاکہ تمام قانونی تقاضے مکمل طور پر پورے کیے جا سکیں۔
پولیس ترجمان نے اس اقدام کو دہشت گردی کے خلاف جاری مہم میں ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی ملک دشمن عناصر کے خلاف پولیس کے عزم و حوصلے کی عکاس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے تعاون سے ان تمام افراد اور تنظیموں کے خلاف سخت اقدامات جاری رکھے گی، جو ریاست کی سلامتی، خودمختاری اور امن کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر