جموں, یکم جون (ہ س)۔ ضلع پونچھ میں پُرامن ماحول کو نقصان پہنچانے کی کوشش ایک نوجوان کو مہنگی پڑ گئی۔ پونچھ پولیس نے سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرتے ہوئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کرنے والے ایک شخص کے خلاف بروقت کارروائی کرتے ہوئے اُسے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت اعجاز احمد ولد محمد بشیر شیخ ساکنہ سیلیاں، تحصیل سرنکوٹ، ضلع پونچھ کے طور پر ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز مواد پھیلا کر امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
پونچھ پولیس نے اسے احتیاطی حراست میں لے کر عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے اُٹھایا گیا ہے۔
پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی کسی بھی گمراہ کن یا نفرت انگیز مہم کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تمام پلیٹ فارمز پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، اور امن میں خلل ڈالنے کی کسی بھی کوشش پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سوشل میڈیا کا استعمال ذمہ داری کے ساتھ کریں، اور کسی بھی مشتبہ یا اشتعال انگیز مواد کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں تاکہ خطے کے امن کو برقرار رکھا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر