علی گڑھ, یکم جون (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے آج ایم بی اے، ایم بی اے (ہاسپٹل ایڈمنسٹریشن) اور ماسٹر آف پبلک ہیلتھ میں داخلے کے لیے 2025-2026 کے مشترکہ داخلہ امتحان (سی اے ٹی) کا کامیاب انعقاد علی گڑھ سمیت دیگر شہروں کے امتحانی مراکز پر کیا۔
ایم بی اے (سی اے ٹی) کے لیے کل 3995 امیدواروں نے درخواست دی تھی جن میں سے 3297 امیدوار پرچہ اول میں شامل ہوئے، جو صبح 10بجے سے دوپہر 12 بجے تک منعقد ہوا۔ یہ امتحان علی گڑھ میں آرٹس فیکلٹی، سوشل سائنسز فیکلٹی، ذاکر حسین انجینئرنگ کالج سمیت مراکز کے علاوہ کولکاتا، نئی دہلی اور کوژیکوڈ میں بھی منعقد کیا گیا۔
اس کے بعد ایم بی اے (ہاسپٹل ایڈمنسٹریشن) اور ماسٹر آف پبلک ہیلتھ کورسز کے لیے پرچہ دوم دوپہرسوا بارہ بجے شروع ہوا۔ اس مخصوص امتحان میں 385 میں سے 331 امیدوار شامل ہوئے۔
دوپہر کے سیشن میں بی ایڈ کورس میں داخلے کے لیے بھی داخلہ امتحان منعقد ہوا۔ اس پروگرام کے لیے کل 1938 امیدوار رجسٹرڈ تھے، جن میں سے زیادہ تر نے علی گڑھ، کولکاتا، نئی دہلی اور کوژیکوڈ کے مراکز پر امتحان میں شرکت کی۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے تمام امتحانات کو پُرامن، منظم اور شفاف طریقے سے منعقد کیا، جس سے اے ایم یو کی ایماندار اور دیانتدار داخلہ پالیسی پر عمل پیرا ہونے کا ثبوت ملا۔ امتحانات کی نگرانی سینئر اساتذہ نے کی اور تمام ضوابط کی مکمل پابندی کی گئی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ