وقف کی جائیدادیں ہمارے آباو¿اجداد کی امانتیں ہیں،ہم اس کے خلاف غاصبوں کے ارادوں کو نہیں ہونے دیں گے کامیاب۔ مرزا جاوید علی
نئی دہلی ،6 اپریل (ہ س)۔
حالیہ وقف ترمیمی بل مرکزی حکومت کی ہٹ دھرمی اور اس کے منفی سوچ و نظریات کے ساتھ ملک کی سب سے بڑی اقلیت کے مستقبل کو اندھیرے میں دھکیلنے والا ہے۔ ان خیالات کااظہار معروف سیاسی وسماجی رہنما و چاندنی چوک شہر ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر جناب مرزا جاوید علی نے ایوان بالا وایوان زیریں میں وقف ترمیمی بل پاس ہونے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملی ،سماجی اور ماہر قانون اشخاص کی جانب سے جے پی سی اور حکومت ہند کو براہ راست مذکورہ بل کے پاس ہونے کے تناظر میں اوقاف کے اثاثوں پر پڑنے والے مضر اثرات سے باخبر کرنے کے باوجود بھی مرکزی حکومت نے جمہوری اقدار کو پامال کرتے ہوئے اکثریت کے زعم میں متنازع بل پاس کرکے نہ صرف مسلمانوں کے تئیں بغض وعداوت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں نظرانداز کیا ہے بلکہ اس بل کے ذریعہ اوقاف کی جائیدادوں کو غصب کی راہوں کو اپنے حق میں آسان بنانے کی عیاری و مکاری کو بھی ظاہر کیا ہے۔ مرزا جاوید علی نے اس بل کو کالا قانون سے تعبیر کرتے ہوئے اسے عوامی جذبات اور آئین ودستور کے منافی قرار دیتے ہوئے ہر حال میں اس بل کومسترد و منسوخ کرانے کے لئے کورٹ سے روڈ تک اپنی مہم جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں کانگریس پارٹی نے جس طرح مثبت انداز میں وقف ترمیمی بل کے خلاف مدلّل ومفصل اور واضح انداز میں اپنا جومو¿قف دونوں ایوانوں میں مضبوطی سے رکھا ہے، وہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔علاوہ ازیں کانگریس اعلی قیادت کی رہنمائی میں جے پی سی میں کانگریس کے نمائندوں نے بل کے مختلف نکات پر اعتراض جتاتے ہوئے اسے بل سے حذف کرنے کا پرزور مطالبہ کیا مگر حکومتی نمائندوں نے سوتیلا سلوک کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان خدشات و اعتراضات کو خاطر میں نہیں لایا۔انہوں نے کہا ہماری پارٹی کی اعلٰی قیادت اس بل کو واپس کرانے کے لئے انتہائی فکر مند ہے اور اسے مسترد کرانے کےلئے عدالتی و عوامی سطح پر پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی بھید بھاو¿ اور بلا کسی صلہ و ستائش کے ہمیشہ ملکی مفادات اور عوامی فلاح وبہبود پر مشتمل پروگراموں کو کامیاب بنانے کے ساتھ دستور کی بالادستی میں یقین رکھتی ہے ، یہی وجہ ہے کہ ہمارے سینئر لیڈران روز اول سے ہی اس متنازع بل کے خلاف مسلسل اپنا احتجاج درج کرا رہے ہیں۔مرزا جاوید علی نے عوام سے صبر سے کام لیتے ہوئے وقف ترمیمی بل کے خلاف آئینی و جمہوری حقوق کی پاسداری کے ساتھ مذکورہ متنازع بل کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں کہا کہ مرکزی حکومت کی نیتی اور نیت دونوں زہرآلودہ ہے۔ جس سے ان کا مقصد اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنا اورعوام کو مذہبیت کے جنون میں مبتلا کرکے ملک کی قومی آہنگی اور بھائی چارہ کے مضبوط قلعوں کی دیواروں میں شگاف ڈالنا اور بھارت کی جمہوریت کو کمزور کرنے کے سوا کچھ نہیں ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais