پٹنہ،10اپریل(ہ س)۔ بہار اسمبلی انتخابات سے پہلے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا کردار بدل سکتا ہے۔ وقف معاملے میں بی جے پی کی حمایت کرنے کے بعد اب انہیں مرکز میں لانے کے لیے بحث شروع ہوگئی ہے۔ سابق مرکزی وزیر اشونی چوبے نے وزیر اعظم نریندر مودی سے انہیں ملک کا اگلا نائب وزیر اعظم بنانے کی اپیل کی ہے۔ اس کے ساتھ اشونی چوبے نے این ڈی اے کوآرڈینیٹر کی ذمہ داری بھی نتیش کو سونپنے کی مانگ کی ہے۔
بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بہار کی ترقی کے لیے بہت کام کیا ہے۔ اب ان کا کردار بدلنا چاہیے۔ انہوں نے پی ایم مودی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ نتیش کمار کو مرکز میں بلایا جائے اور نائب وزیر اعظم بنایا جائے۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ اگر نتیش کمار کو ملک کا نائب وزیر اعظم بنایا جاتا ہے تو یہ بہار کے لیے بڑے فخر کی بات ہوگی، کیونکہ بابو جگجیون رام کے بعد وہ اس عہدے پر فائز ہونے والے بہار کے دوسرے لیڈر ہوں گے۔ حالانکہ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ نائب وزیراعظم کے عہدے کا مطالبہ ان کی ذاتی خواہش ہے لیکن اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ بڑی خوشی کی بات ہوگی۔
سابق مرکزی وزیر اشونی کمار چوبے نے کہا کہ نتیش کمار کو اس کردار میں لے آئیں جہاں وہ این ڈی اے کے قومی کوآرڈینیٹر کے رول میں نریندر مودی کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہوں۔ اگر انہیں نائب وزیر اعظم کا عہدہ دیا جاتا ہے تو بہار کا بھی بھلا ہوگا۔ ہمیں جگجیون رام کی شکل میں دوسرا نائب وزیر اعظم ملے گا۔ یہ ہماری خواہش ہے، یہ ذاتی خواہش ہے کہ وہ نائب وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالیں۔
دوسری طرف جے ڈی یو اشونی چوبے کی رائے سے متفق نہیں ہے۔ جے ڈی یو کے چیف ترجمان نیرج کمار نے کہا کہ ہمیں کسی کی ذاتی رائے سے کوئی سروکار نہیں ہے لیکن امت شاہ نے ایک دن پہلے ہی واضح کر دیا ہے کہ این ڈی اے بہار میں اسمبلی انتخابات وزیر اعلیٰنتیش کمار کی قیادت میں لڑے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan