شملہ، 18 اپریل (ہ س)۔ ہماچل پردیش میں ان دنوں موسم تبدیل ہو رہا ہے۔ جمعہ کی صبح دارالحکومت شملہ سمیت ریاست کے بیشتر حصوں میں موسم صاف رہا اور دھوپ چھائی رہی۔ اس وقت قبائلی علاقوں کے ساتھ ساتھ دیگر سیاحتی مقامات میں موسم صاف ہے تاہم محکمہ موسمیات نے آج سے تین روز کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ موسمیات کے مرکز شملہ نے اورنج الرٹ جاری کیا ہے، جس میں 18 اور 19 اپریل کو ریاست کے بیشتر حصوں میں تیز بارش، ژالہ باری، گرج چمک اور آسمانی بجلی گرنے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ نے لوگوں سے خراب موسم کے دوران احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
تین دن تک جاری رہے گا خراب موسم
محکمہ موسمیات کی سات روزہ پیشن گوئی کے مطابق آج یعنی 18 سے 20 اپریل تک ریاست میں کئی مقامات پر موسم خراب رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران آندھی-طوفان کے ساتھ ژالہ باری، گرج چمک اور تیز بارش یا برفباری ہو سکتی ہے۔ 18 اپریل کو تیز ہوائیں چلنے، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کا امکان ہے۔کئی علاقوں میں ہوا کی رفتار 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے۔ ان حالات کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے انتہائی احتیاط برتنے کی وارننگ دی ہے۔
19 اپریل کو بھی ریاست کے بیشتر حصوں میں موسم کی حالت ایسی ہی رہنے والی ہے۔ تاہم اس دن تیز ہواو¿ں کی رفتار 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ کئی مقامات پر گرج چمک، ژالہ باری اور برفباری کا امکان ہے۔ 20 اپریل کو موسم میں کچھ بہتری متوقع ہے۔ تاہم بعض علاقوں میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔ اس دن ژالہ باری یا تیز بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
آئندہ 21 اپریل سے معمول پر آئے گاموسم
محکمہ موسمیات نے کہا کہ 21 اور 22 اپریل کو ریاست کے کچھ علاقوں میں ہلکے بادل چھائے رہنے اور بعض مقامات پر ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔ ان دو دنوں سے کوئی سنگین انتباہ جاری نہیں کیا گیا ہے۔ 23 اور 24 اپریل کو پوری ریاست میں موسم خشک اور صاف رہنے کی امید ہے۔ ان دنوں کسی قسم کی بارش، ژالہ باری یا آندھی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
کسانوں اور سیاحوں کو الرٹ رہنے کی صلاح
محکمہ موسمیات نے کسانوں اور عام لوگوں کو موسم کی تازہ ترین معلومات پر نظر رکھنے اور آئندہ چند روز تک الرٹ رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ خاص طور پر 18 اور 19 اپریل کو تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے جیسے واقعات کے امکان کے پیش نظر اضافی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ بالائی ہمالیہ کے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو الرٹ رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیاحوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ موسم کی معلومات لینے کے بعد ہی اپنے سفر کی منصوبہ بندی کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
گزشتہ دنوں بھی طوفان نے مچائی تھی تباہی
قابل ذکر ہے کہ بدھ کی رات ریاست میں آنے والے طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی۔ تیز ہواو¿ں نے کئی مقامات پر درخت اکھاڑ دیے جس سے مکانات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ مختلف واقعات میں تین افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی خبر ہے۔ طوفان کی شدت کو دیکھتے ہوئے محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں اس طرح کے حالات کے دوبارہ پیدا ہونے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا ہے۔
بارش اور برف باری نہیں ہوئی، درجہ حرارت میںکمی
موسمیات کے مرکز شملہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست کے کسی بھی حصے میں بارش، برف باری یا ژالہ باری نہیں ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ تیز ہواو¿ں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے حالات نظر نہیں آئے۔ تاہم درجہ حرارت میں نمایاں فرق آیا ہے۔ ریاست میں سب سے کم درجہ حرارت قبائلی علاقے کوکمسری میں 3.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جب کہ اونا میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 37.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
شملہ میں کم سے کم درجہ حرارت 16.6 ڈگری سیلسیس جبکہ سندر نگر میں 15.1، بھونتر میں 13.2، کلپا میں 7.5، دھرم شالہ میں 16.4، اونا میں 15.4، منالی میں 10.2، کانگڑا میں 16.4 اور کفری میں 13.4 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد