جموں, 17 مارچ (ہ س)۔
جموں و کشمیر اسمبلی کے جاری اجلاس کے دوران ایم ایل اے ڈوڈہ مہراج ملک نے چناب ویلی میں طبی سہولیات کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا۔انہوں نے ایوان کو آگاہ کیا کہ جی ایم سی ڈوڈہ کے ڈاکٹرز اپنے فرائض میں کوتاہی برتتے ہیں، خاص طور پر رات کے اوقات میں ان کی حاضری مایوس کن ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز ڈریس کوڈ کی پابندی نہیں کرتے، سینئر ڈاکٹر ایمرجنسی مریضوں کا معائنہ خود کرنے کے بجائے جونیئرز کے حوالے کر دیتے ہیں، جس کے نتیجے میں بیشتر مریضوں کو جموں ریفر کیا جاتا ہے۔ملک نے یہ بھی نشاندہی کی کہ کچھ ڈاکٹر سرکاری اوقات میں نجی کلینکس پر پریکٹس کرتے ہیں۔
اس معاملے پر انتظامی سکریٹری نے جی ایم سی کے پرنسپل کو سرزنش کی ہے۔پرنسپل جی ایم سی ڈوڈہ نے اپنے عملے کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال کا نام ناخوشگوار واقعات کی وجہ سے بدنام ہوا ہے، اور آئندہ کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر