علی گڑھ, 17 مارچ (ہ س) خلیق احمد نظامی مرکز برائے قرآنی علوم نے قرآنی توسیعی خطبات سیریز کے تحت دو خطبات کا اہتمام کیا۔ شعبہ زولوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر حفظ الرحمٰن صدیق نے ’قرآن اور حیوانات کی دنیا‘ کے عنوان پر لیکچر دیتے ہوئے قرآن میں مذکور مختلف جانوروں اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رہنے میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے بتایا کہ جدید حیوانیاتی تحقیق کس طرح قرآن میں مذکور حیاتیاتی تنوع، نقل مکانی کے نظام اور حیوانات کے مختلف انواع کے باہمی تعامل سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن میں جانوروں کے رویوں اور جبلتوں کا ذکر جدید سائنسی سچائیوں کی عکاسی کرتا ہے جنہیں موجودہ تحقیق مزید واضح کر رہی ہے۔ دوسرے فکر انگیز خطبہ میں شعبہ فارماکولوجی کے پروفیسر سید ضیاء الرحمن نے ’قرآن اور فارماکولوجی‘ کے موضوع پر گفتگو کی۔ انہوں نے قرآن میں مذکور قدرتی علاج، ادویاتی پودوں اور شفابخش عناصر پر روشنی ڈالی اور جدید ادویاتی تحقیق سے ان کی مطابقت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن میں مختلف قدرتی عناصر جیسے شہد، جڑی بوٹیوں اور پھلوں کو شفا کے وسیلہ کے طور پر بیان کیا گیا ہے، جو ان کے طبی فوائد پر مزید سائنسی تحقیق کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔ دونوں نشستوں کی صدارت کرتے ہوئے مرکز کے ڈائریکٹر پروفیسر اے آر قدوائی نے قرآن میں موجود سائنسی حکمت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن نہ صرف جانوروں کو الٰہی تخلیق کی نشانیوں کے طور پر پیش کرتا ہے بلکہ ماحولیاتی توازن اور انسان کے سیکھنے کے لئے ان کی اہمیت بھی بیان کرتا ہے۔ شہد کی مکھی کا قرآنی حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے اس کے ذریعہ تیار کردہ شفابخش اشیاء کو الٰہی حکمت کی ایک گہری مثال قرار دیا، جسے جدید سائنسی دریافتوں نے مزید ثابت کیا ہے۔ دونوں پروگرام کی نظامت ڈاکٹر ارشد اقبال نے کی۔ پہلے سیشن میں ریسرچ اسکالر ادیبہ تاج نے اظہار تشکر کیا جب کہ دوسرے سیشن میں ایم اے کی طالبہ ثانیہ شوکت نے شکریہ ادا کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ