جموں, 13 مارچ (ہ س)۔ ضلع انتظامیہ جموں نے گزشتہ دو روز کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے نو بے سہارا بچوں کو بازیاب کرایا ہے۔ گول مارکیٹ میں ریسکیو مہم کے دوران تین بچوں کو بچایا گیا، جو سڑکوں پر کسمپرسی کی حالت میں تھے۔
یہ مہم ان بچوں کو بچانے کے لیے چلائی جا رہی ہے جو بھیک مانگنے، کچرا چننے اور بچہ مزدوری کا شکار ہیں۔ اس سے قبل، گزشتہ روز ضلع ٹاسک فورس نے تلاب تلو میں ایسی ہی کارروائی کی تھی، جس میں چھ بچے بازیاب کیے گئے، جن میں تین لڑکے اور تین لڑکیاں شامل تھیں۔ ان بچوں کو چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا تاکہ ان کی بحالی کا مناسب انتظام کیا جا سکے۔
تمام بازیاب شدہ بچوں کو شیلٹر ہومز میں رکھا گیا ہے، جہاں انہیں مکمل دیکھ بھال اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ضلع انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ چائلڈ لیبر اور بھیک مانگنے کے معاملات فوری طور پر رپورٹ کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر