پاکستان کو اِن حرکتوں کی قیمت چکانی پڑے گی
جموں، 9 مئی (ہ س)۔ جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پاکستان کی جانب سے جموں سمیت مختلف علاقوں پر ڈرون اور میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز اور قابلِ افسوس اقدام قرار دیا ہے۔ پارٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کو اپنی ان حرکتوں کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
پارٹی کے چیف ترجمان رویندر شرما نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی جانب سے جموں شہر اور دیگر مقامات پر ڈرونز اور میزائلوں کے ذریعے حملے کرنا انتہائی اشتعال انگیز اور خطرناک طرزِ عمل ہے، جس کی پردیش کانگریس کمیٹی پرزور الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا، پاکستان کو اپنے گناہوں کا حساب دینا ہوگا۔‘‘
ذرائع کے مطابق جمعرات کی شب پاکستانی حدود سے داغے گئے کم از کم آٹھ میزائلوں نے جموں کے ستواری، سانبہ، آر ایس پورہ اور ارنیا جیسے حساس علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم بھارتی فضائی دفاعی نظام نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تمام میزائلوں کو فضا میں ہی ناکام بنا دیا۔ ان حملوں میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں موصول ہوئی ہے۔ یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب بدھ کو بھارتی مسلح افواج نے آپریشن سندور کے تحت پاکستان اور پاکستان کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں موجود نو دہشت گرد ٹھکانوں کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔ یہ کارروائی 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے ردِعمل میں کی گئی تھی، جس میں سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے تھے۔دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران سرحد پار سے یہ تازہ کوششیں خطے میں امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دی جا رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر