مہاراشٹر سائبر کا نیا چیٹ بوٹ اور فلم کا اجرا
ممبئی، 9 مئی (ہ س)ریاست مہاراشٹر میں سائبر سیکورٹی کے فروغ کے
لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے سہیادری گیسٹ ہاؤس میں
منعقدہ تقریب کے دوران مہاراشٹر سائبر کے تحت تیار کی گئی ڈاکیومنٹری فلم اور مصنوعی
ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ کا افتتاح کیا۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف
پولیس سائبر یشسوی یادو، ڈپٹی انسپکٹر جنرل سنجے شنترے، پولیس سپرنٹنڈنٹ ہیمراج
سنگھ راجپوت، اداکار شرد کیلکر، اداکارہ امیشا پٹیل اور وزیر اعلیٰ آفس کے اسپیشل
ڈیوٹی آفیسر کاستوبھ دھوسے بھی موجود تھے۔ اس موقع پر دکھائی گئی فلم میں شرد
کیلکر اور امیشا پٹیل نے مراٹھی اور ہندی میں کام کرتے ہوئے سائبر جرائم سے متعلق
بیداری پیدا کرنے کی کوشش کی۔
اس دستاویزی فلم کے ساتھ ساتھ ایک نیا
چیٹ بوٹ بھی متعارف کرایا گیا، جو ہیلپ لائن 1945 سے جڑا ہوا ہے اور شہریوں کو
سائبر فراڈ اور شکایت کے طریقہ کار کے بارے میں مکمل رہنمائی فراہم کرے گا۔ فڑنویس
نے کہا کہ بڑھتے سائبر جرائم کے پیش نظر عوامی احتیاط اور بیداری وقت کی اہم ضرورت
ہے، اور اس مقصد کے لیے جدید تکنالوجی جیسے چیٹ بوٹس کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ
صرف شہریوں کو سائبر فراڈ سے بچاؤ کی معلومات ملیں گی بلکہ انسانی اسمگلنگ جیسے
مسائل سے نمٹنے کے لیے بھی مضبوط بنیاد تیار ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے تجویز پیش کی کہ مہاراشٹر
سائبر کو چاہیے کہ وہ عوامی سطح پر انسانی اسمگلنگ کے خلاف مہمات چلائے تاکہ ایسے
غیر انسانی جرائم کی جڑ سے بیخ کنی کی جاسکے۔
شرد کیلکر نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ
وہ سائبر بیداری کی اس مہم کا حصہ ہیں، جس سے عوام میں بڑے پیمانے پر آگاہی
پھیلانے میں مدد ملے گی۔ امیشا پٹیل نے کہا کہ ڈیجیٹل انقلاب کے اس دور میں سائبر
سیکیورٹی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور مہاراشٹر سائبر کی اس بیداری مہم کی اشد ضرورت
ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان