پاکستان سے کشیدگی کے درمیان مہاراشٹر میں ہائی الرٹ نافذ
ممبئی، 9 مئی (ہ س)۔ پاکستان کے ساتھ کشیدہ حالات کے تناظر میں مہاراشٹر
حکومت نے ریاست بھر میں سلامتی کے انتظامات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اہم
اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس
میں پولیس، شہری انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے سینئر افسران کے ساتھ صورتحال
کا جائزہ لیا۔ اس اجلاس میں چیف سکریٹری راجیش کمار، ڈی
جی پی رشمی شکلا، ممبئی پولیس کمشنر دیون بھارتی، بی ایم سی کمشنر بھوشن گگرانی، اے
ڈی جی پربھات کمار، رادھیکا رستوگی اور شریش جین سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداران شریک
تھے۔
وزیر اعلیٰ فڑنویس نے ریاست کے تمام
اضلاع میں فرضی مشقیں کرانے، ضلع وار رومز قائم کرنے، اور بلیک آؤٹ کی صورت میں
اسپتالوں کے لیے متبادل بجلی نظام قائم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے زور دیا
کہ ایسے حالات میں اسپتالوں کی روشنی باہر سے دکھائی نہ دے، اس لیے گہرے پردے یا
شیشے استعمال کیے جائیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سوشل میڈیا
پر سرگرم ان ہینڈلز پر نظر رکھی جائے جو پاکستان کی حمایت کر رہے ہوں یا افواہیں
پھیلا رہے ہوں۔ ایسے عناصر کی شناخت کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے تمام اضلاع کے کلکٹروں
کو ہدایت دی کہ انہیں آج ہی ایمرجنسی فنڈز دیے جائیں تاکہ فوری ضروری اشیاء کی
خریداری ممکن ہو سکے۔ انہوں نے ایم ایم آر ریجن کی میونسپلٹیوں کی میٹنگ بلانے اور
بلیک آؤٹ سے متعلق عوام میں بیداری پھیلانے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے پولیس کو مزید چوکس رہنے،
کومبنگ آپریشنز میں تیزی لانے اور گشت کے نظام کو مؤثر بنانے کا حکم دیا۔ ساتھ ہی،
شہریوں کو حالات سے باخبر رکھنے کے لیے حکومتی سطح پر اطلاع رسانی کا ایک مؤثر
نظام قائم کرنے کی ہدایت دی گئی۔ وزیر اعلیٰ فڑنویس نے یہ بھی ہدایت دی
کہ حکومت کے اہم بنیادی ڈھانچے جیسے بجلی پیداوار اور ترسیل کے نظام پر ممکنہ
سائبر حملوں سے بچاؤ کے لیے فوری سائبر آڈٹ کرایا جائے۔ سیکورٹی اداروں اور حکومت
کے درمیان بہتر رابطہ یقینی بنانے کے لیے فوج اور کوسٹ گارڈ کے اعلیٰ افسران کو
آئندہ اجلاس میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے ریاستی انتظامیہ، خاص طور پر
صحت اور آفات انتظامیہ کے شعبوں میں تعینات سینئر افسران کی تمام تعطیلات فی الفور
منسوخ کرنے کی ہدایت دی تاکہ وہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں دستیاب رہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / نثار احمد خان