سیوان، 12 مارچ (ہ س)۔ بہار کے سیوان سے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 24 گھنٹے کے اندر بھائی بہن کی مشتبہ حالت میں موت ہو گئی۔ وجہ یہ تھی کہ گھر والوں نے بازار سے پیکٹ والا دودھ منگوایا تھا۔ یہ دودھ دونوں بچوں کو پلایا گیا جس کے بعد دونوں بچے کی موت ہوگئی ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور محکمہ صحت کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر دودھ کو ضبط کرلیا۔ایک ہی خاندان کے دو معصوم بچوں کی مشتبہ حالات میں موت سے رگھوناتھ پور تھانہ علاقہ میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ دونوں بچوں کی ماں نے بتایا کہ پیر کے روز تین سالہ شریا کماری کو سونے سے پہلے باہر سے لایا گیا دودھ پلایا گیا۔ دودھ پینے کے بعد شریا سو گئی لیکن جب وہ نہیں اٹھی تو ہم نے اسے رگھوناتھ پور کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں داخل کرایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔اہل خانہ نے بتایا کہ منگل کے روز چار سالہ ارپن گنگولی کو بھی یہی دودھ پلایا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ بے ہوش ہو گیا تھا۔ گھر والوں نے اسے رگھوناتھ پور ریفرل ہیلتھ سنٹر میں بھی داخل کرایا، جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ مرنے والوں کی شناخت اروپ گنگولی کی پوتی 3سالہ شریا کماری، 4سالہ ارپن گنگولی کے طور پر کی گئی ہے۔محکمہ صحت اور مقامی تھانہ نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے سیوان صدر اسپتال بھیج دیا اور باقی دودھ کے نمونے قبضے میں لے کر جانچ کے لیے بھیج دیے گئے۔ رگھوناتھ پور تھانہ انچارج وجے کمار چودھری نے بتایا کہ دو بچوں کی موت ہو گئی ہے۔ دونوں کا پوسٹ مارٹم ہو چکا ہے۔ معاملہ تحقیقات کے بعد واضح ہو گا۔ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد معلوم ہوگی۔درخواست کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ یہاں اس واقعہ سے پورے گاؤں میں غم کا ماحول ہے اور لوگوں کو شبہ ہے کہ اس واقعہ کے پیچھے کوئی سازش ہوسکتی ہے۔ پولیس موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے تمام پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan