چنڈی گڑھ، 5 فروری (ہ س)۔ ہریانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ انل وج کو راضی کرنے کے لیے پارٹی نے ایک ایک کر کے ان کے تمام مطالبات کو پورا کرنا شروع کر دیا ہے۔ امبالہ میں ضلع ڈپٹی کمشنر اور ٹرانسپورٹ کمشنر کے تبادلے کے بعد اب بی جے پی نے اس شخص کو عہدے سے فارغ کر دیا ہے، جسنے وج کو غدار قرار دیتے ہوئے ایک ویڈیو پوسٹ کیا تھا۔
بی جے پی انچارج ستیش پونیا منگل سے چنڈی گڑھ میں ہیں۔ انہوں نے انل وج سے ملاقات کی ہے۔ دو دن پہلے وِج نے آشیش تائل نامی لیڈر پر الیکشن میں ان کی مخالفت کرنے کا الزام لگایا تھا اور کہا تھا کہ تائل وزیر اعلیٰ نائب سینی کے بہت قریب ہیں اور انہوں نے اسمبلی انتخابات میں ایک آزاد امیدوار کی حمایت کی تھی۔ وج کے اس ویڈیو کے بعد ہائی کمان نے نوٹس لیا اور انچارج ستیش پونیا کو چنڈی گڑھ بھیج دیا گیا۔
منگل کی رات حکومت نے ٹرانسپورٹ کمشنر کا تبادلہ کر دیا اور رات دیر گئے آشیش تائل کو پارٹی سے نکالنے کا نوٹس جاری کر دیا۔ تاہم وائرل ہونے والے خط پر 30 جنوری کی تاریخ لکھی ہوئی ہے۔ آشیش تال کو خزانچی کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ یہ خط پارٹی کے ریاستی انچارج ستیش پونیا کی وج کے ساتھ دو گھنٹے کی میٹنگ کے بعد منگل کو سامنے آیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی